Aaj Logo

شائع 25 اپريل 2024 01:30pm

کیڑوں مکوڑوں والی کافی پینے سے خاتون کی جان پر بن آئی

اسپین کے شہر میجورکا کے ایئر پورٹ پر کافی پینا خاتون کو بہت مہنگا پڑگیا۔ وینڈنگ مشین سے لی جانے والی کافی پینے سے خاتون کی حالت بگڑگئی اور اُنہیں 36 گھنٹے انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں گزارنا پڑے۔

وینڈنگ میشن سے لی جانے والی کافی میں کیڑے مکوڑے بڑی تعداد میں تھے۔ جب تک خاتون نے کافی ختم کی تب معلوم ہوا کہ اُس میں تو کیڑے مکوڑے پڑے ہوئے تھے۔ وینڈنگ مشین کی بروقت صفائی نہ کیے جانے کے باعث اس میں کیڑے مکوڑوں کی بھرمار تھی۔

21 سالہ خاتون ایک ایئر لائن کمپنی میں ملازم ہے۔ اس نے سفر کے دوران ہسپانوی صوبے پالما کے صدر مقام میجورکا کے نزدیک سن سینٹ جوآن ایئر پورٹ میں لگی وینڈنگ مشین سے ایک کپ کافی خریدی اور اچھی طرح دیکھے بغیر پی لی۔

ہسپانوی نیوز ویب سائٹ الٹیما ہورا کے مطابق خاتون کو کافی کا ذائقہ کچھ بدلا ہوا تو محسوس ہوا تاہم وہ پیتی چلی گئیں۔ آخر میں کافی کپ کا پیندا دیکھا تو وہاں بہت سے کیڑے مکوڑے پڑے ہوئے تھے۔

چند لمحات میں خاتون کی حالت غیر ہونے لگی۔ اُن کا چہرہ سُوجنے لگا اور گلا بند ہونے لگا۔ اُنہیں سانس لینے میں بھی شدید دشواری محسوس ہونے لگی۔ خاتون کو فوراً اسپتال لے جایا گیا جہاں انہوں نے 36 گھنٹے انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں گزارے۔

خاتون کے اہلِ خانہ نے ایئر پورٹ انتظامیہ کے خلاف پولیس میں رپورٹ درج کرادی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کافی کپ میں کیڑوں مکوڑوں کا موجود ہونا صحتِ عامہ کے خلاف جرم کے مترادف ہے جو کسی کی جان بھی لے سکتا ہے۔ پولیس رپورٹ میں درج کیا گیا ہے کہ ایئر پورٹ کا اسٹاف کافی وینڈنگ مشین کی دیکھ بھال ڈھنگ سے نہیں کرتا تھا۔

Read Comments