امریکا کا اپنے انتہائی جدید B-2 بمبار طیاروں سے حوثیوں کے ٹھکانوں پر حملہ

حوثیوں کے المسیرہ سیٹلائٹ نیوز چینل نے صنعا اور صعدہ کے حوثی گڑھ کے ارد گرد فضائی حملوں کی اطلاع دی
شائع 17 اکتوبر 2024 10:52am

پینٹاگون کا کہنا ہے کہ امریکی فوج نے یمن کے حوثیوں کے زیر کنٹرول علاقوں میں ہتھیاروں کے ذخیرہ کرنے کی تنصیبات پر حملہ کیا ہے۔

امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا کہ امریکی فضائیہ کے B-2 بمبار طیاروں نے حوثیوں کے زیر کنٹرول علاقوں میں زیر زمین ہتھیاروں کے ذخیرہ کرنے والے پانچ ٹھکانوں پر حملے کیے ہیں۔

عالمی میڈیا کے مطابق یہ پہلا موقع ہے جب امریکہ نے یمن میں حوثیوں پر حملہ کرنے کے لیے اسٹریٹجک B-2 اسٹیلتھ بمبار کا استعمال کیا ہے، B-2 ان لڑاکا طیاروں سے بہت بڑا پلیٹ فارم ہے جو اب تک حوثیوں کی تنصیبات اور ہتھیاروں کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیا گیا ہے، جو بہت زیادہ وزنی بم لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

حوثیوں کے المسیرہ سیٹلائٹ نیوز چینل نے صنعا اور صعدہ کے حوثی گڑھ کے ارد گرد فضائی حملوں کی اطلاع دی۔ انہوں نے نقصان یا جانی نقصان کے بارے میں فوری طور پر کوئی اطلاع نہیں دی۔

Read Comments