کراچی: نام ’شوکت خانم‘ رکھنے پر سرکاری اسکول میں افتتاح سے قبل توڑ پھوڑ
کراچی کے علاقے شاہ فیصل میں واقع سرکاری اسکول میں رات کے وقت نامعلوم شرپسندوں کی جانب سے توڑ پھوڑ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ اسکول انتظامیہ کے مطابق توڑ پھوڑ کچھ شرپسند افراد کی جانب سے کی گئی، جنہوں نے اسکول کی عمارت کو نقصان پہنچایا۔ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
توڑ پھوڑ کا واقعہ اسکول کے نام پر اعتراضات کی وجہ سے پیش آیا۔ اسکول کا نام ”شوکت خانم“ رکھنے پر کچھ افراد نے چاکنگ کر کے پورے اسکول میں ”شوکت خانم نا منظور“ لکھ دیا تھا۔ اسکول کا یہ نام ٹاؤن چیئرمین شاہ فیصل گوہر خٹک کی خواہش پر رکھا گیا تھا، جو کچھ لوگوں کو پسند نہیں آیا تھا۔
اسکول کی تزئین و آرائش سماجی تنظیم نے کی تھی اور اس پر تقریباً 40 سے 50 لاکھ روپے خرچ کیے گئے تھے۔ اسکول کا افتتاح آج بدھ کو ٹاؤن چیئرمین شاہ فیصل گوہر خٹک نے کرنا تھا، لیکن اس سے قبل ہی یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
اسکول انتظامیہ نے واقعے کے بعد نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کروانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ اسکول کی عمارت میں فلاحی ادارے کے خلاف چاکنگ کی گئی تھی۔ چیئرمین شاہ فیصل ٹاؤن نے اسکول میں توڑ پھوڑ کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔