شائع 11 فروری 2025 11:36am

نئے کاروباری مواقع کی تلاش: 100 سے زائد پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کی سعودی ایونٹ ”لیپ 2025“ میں بھرپور شرکت

پاکستانی آئی ٹی کمپنیاں سعودی عرب میں نئے اور ابھرتے ہوئے ٹیکنالوجی کے بازاروں کو دریافت کرنے کے لیے سرگرم ہیں، اور اس سلسلے میں 100 سے زائد کمپنیاں ریاض میں ہونے والی عالمی ٹیکنالوجی نمائش ”لیپ 2025“ میں حصہ لے رہی ہیں۔

پاکستان سے ایک ہزار سے زائد مندوبین اس کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں، جو ”لیپ“ میں پاکستانی کمپنیوں اور وزیٹرز کی اب تک کی سب سے بڑی شرکت ہے۔ گزشتہ مالی سال (2024) میں سعودی عرب کو پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 50 ملین ڈالر تک پہنچ گئی تھیں، اور اب پاکستانی کمپنیاں سعودی عرب میں اپنے کاروبار کو مزید وسعت دینے کے لیے کوشاں ہیں۔

پاکستانی آئی ٹی کمپنیاں ”لیپ 2025“ میں اپنی جدید ٹیکنالوجی اور خدمات پیش کر رہی ہیں، اس دوران اسٹریٹیجک نیٹ ورکنگ، مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کیے جا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ بھی اس نمائش میں شریک ہیں اور انہوں نے پاکستان پویلین کا افتتاح بھی کیا۔

پاکستان دنیا کا 46 واں کرپٹ ترین ملک بن گیا، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل رپورٹ

پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن (پاشا) کے سینئر نائب چیئرمین محمد عمیر نظام نے کہا کہ پاکستانی آئی ٹی کمپنیاں ”لیپ 2025“ میں مختلف غیر ملکی کمپنیوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال میں پاکستانی آئی ٹی برآمدات میں 100 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا اور توقع ہے کہ رواں سال مزید ریکارڈ قائم کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ “اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی)، وزارت آئی ٹی، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ اور پاشا کی مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کے لیے سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں کاروباری توسیع کے مواقع مزید بہتر ہوئے ہیں۔

سعودی وزارت سرمایہ کاری نے بھی ایک ہیلپ ڈیسک قائم کیا ہے جو پاکستانی کمپنیوں کو سعودی عرب میں کاروباری رجسٹریشن کے عمل میں مدد فراہم کر رہا ہے۔ اس اقدام کی بدولت اب تک 100 سے زائد پاکستانی آئی ٹی کمپنیاں سعودی مارکیٹ میں رجسٹر ہو چکی ہیں۔

لیپ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے، ہیگزالائز (Hexalyze) کے سی ای او سعد شاہ نے کہا کہ یہ نمائش نجی اور سرکاری شعبے میں کام کرنے والی عالمی کمپنیوں سے جڑنے کا بہترین موقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب میں مصنوعی ذہانت (AI)، فِن ٹیک، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، سائبر سیکیورٹی اور اسمارٹ سٹی سلوشنز کے بڑھتے ہوئے رجحان کے پیش نظر پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کے لیے بے شمار مواقع موجود ہیں، جو پہلے ہی سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ، انٹرپرائز سلوشنز اور ڈیجیٹل سروسز میں نمایاں مقام بنا چکی ہیں۔

عمران خان کی کال کام نہ آئی، بیرون ملک پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ

سعودی عرب خطے میں ”ٹیکنالوجی ہب“ بننے کی سمت بڑھ رہا ہے اور ”لیپ 2025“ پاکستانی کمپنیوں کے لیے مشرق وسطیٰ سمیت عالمی سطح پر اپنی رسائی بڑھانے کا ایک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہو سکتا ہے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جو مالی سال 2024-25 کی پہلی ششماہی میں 1.53 بلین ڈالر تک پہنچ چکی ہیں۔ ماہرین کا اندازہ ہے کہ یہ برآمدات مالی سال کے اختتام تک 4 بلین ڈالر سے تجاوز کر سکتی ہیں۔

Read Comments