ایف بی آر نے کراچی میں جائیدادوں کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کردی
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کراچی میں کمرشل، صنعتی، تعمیر شدہ جائیدادوں، سہولتاتی پلاٹس، بلند عمارتوں اور رہائشی عمارتوں کی قیمتوں کے تعین کے معیار میں ترمیم کر دی ہے۔
بزنس ریکارڈر کے مطابق ایف بی آر نے اس حوالے سے ایس آر او 144(I)/2025 جاری کیا، جس کے ذریعے ایس آر او 1724(I)/2024 میں ترامیم کی گئیں تاکہ کراچی کے ٹیکس ماہرین اور رئیل اسٹیٹ سیکٹر کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل کو واضح کیا جا سکے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، ایس آر او 1724(I)/2024 میں دی گئی ویلیوایشن ٹیبل برقرار رہے گی، تاہم مختلف اقسام کی جائیدادوں کے لیے قیمتوں کے حساب کا طریقہ کار واضح کیا گیا ہے۔
ترمیم شدہ طریقہ کار کے مطابق جائیداد کی قیمتوں کا تعین ’روپے‘ میں کیا جائے گا۔ کسی بھی جائیداد کی قیمت گراؤنڈ فلور کے کورڈ ایریا اور اضافی فلورز کے کورڈ ایریا کے مطابق فی مربع فٹ ہوگی۔
سہولتاتی پلاٹس کی قیمت متعلقہ علاقے کے رہائشی پلاٹس کی قیمت کے 50 فیصد کے برابر ہوگی۔ کمرشل جائیدادوں کی تعمیر شدہ قیمت گراؤنڈ فلور اور اضافی منزلوں کے کورڈ ایریا کے مطابق ہوگی۔
صنعتی جائیداد کی قیمت پورے پلاٹ کے رقبے اور اس پر تعمیر شدہ کورڈ ایریا کے مطابق فی مربع فٹ طے کی جائے گی۔ اگر رہائشی عمارت ایک سے زیادہ منزلوں پر مشتمل ہو تو ہر اضافی منزل کے لیے قیمت میں 25 فیصد اضافہ ہوگا۔
اگر کوئی جائیداد کسی ویلیوایشن کیٹیگری میں شامل نہیں ہوتی تو اسے قریبی بلند قیمت والی کیٹیگری میں شمار کیا جائے گا۔ اگر زمین کو رہائشی، کمرشل اور صنعتی جیسے مختلف مقاصد کے لیے الاٹ کیا گیا ہو تو قیمت کا تعین اوسط مقررہ شرح کے مطابق ہوگا۔
”فلیٹ“ سے مراد وہ رہائشی یونٹ ہوگا جس کا علیحدہ پراپرٹی نمبر یا سب پراپرٹی نمبر ہو۔
ایف بی آر کی جانب سے متعارف کردہ ان ترامیم کا مقصد جائیدادوں کی درست قیمتوں کے تعین کو مزید شفاف بنانا ہے تاکہ ٹیکس معاملات میں سہولت فراہم کی جا سکے۔