شائع 27 فروری 2025 03:57pm

ملک میں بجلی کی ترسیل اور تقیسم سے متعلق امور کی سب سے بڑی کمپنی کو جرمانہ

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) پر ایک کروڑ روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ یہ جرمانہ مرمت کے کام کے دوران حفاظتی اقدامات پر عمل نہ کرنے اور حادثات کے باعث لگایا گیا ہے۔

نیپرا کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ مرمت کے دوران طے شدہ ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کیا گیا، جس کے نتیجے میں حادثات پیش آئے۔ نیپرا نے این ٹی ڈی سی کو تین ماہ کے اندر جرمانہ جمع کرانے کی ہدایت کر دی ہے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ نیپرا نے این ٹی ڈی سی کو حادثات کی مکمل انکوائری کرنے کی ہدایت کی تھی، لیکن آٹھ ماہ گزرنے کے باوجود حتمی رپورٹ جمع نہیں کرائی گئی۔ اتھارٹی نے مزید کہا کہ یہ حادثات این ٹی ڈی سی کی کارکردگی اور صلاحیت پر سوالیہ نشان ہیں۔

نیپرا نے اپنے فیصلے میں کہا کہ نیپرا ایکٹ کی خلاف ورزی کے باعث یہ حادثات پیش آئے، اور متاثرہ ملازمین و ان کے اہل خانہ کو معاوضہ ادا کیا جانا چاہیے۔ اتھارٹی نے واضح کیا کہ سیفٹی پروٹوکولز پر عمل نہ کرنا نیپرا قوانین کی خلاف ورزی ہے، اور این ٹی ڈی سی کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایک کروڑ روپے کا جرمانہ تین ماہ کے اندر جمع کرایا جائے۔

Read Comments