شائع 29 اپريل 2025 10:49pm

کراچی میں یوسی چیئرمین عامر بھٹو کے قتل کے مرکزی ملزمان گرفتار

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں یوسی چیئرمین عامر بھاشانی عرف عامر بھٹو کے قتل میں ملوث مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ عامر بھاشانی عرف عامر بھٹو کو 17 اپریل کو گلشن ضیا میں قتل کیا گیا تھا۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے میں ملوث گرفتار ملزمان شہباز عرف پرویز اور شہزاد احمد نے زمینی تنازع پر دیگر ملزمان کے ساتھ ملکر یوسی چیرمین کو قتل کیا۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ ملزم شہزاد احمد براہ راست مقتول کے قتل میں ملوث ہے، جبکہ ملزم شہباز عرف پرویز مخبر ہے، شہباز نے اپنے دیگر ساتھیوں کو مقتول عامر بھٹو کیمپ آفس میں موجود ہونے کی اطلاع دی۔

ملزمان نے منصوبہ بندی کرکے عامر بھٹو کو فائرنگ کرکے قتل کیا، قتل کی منصوبہ بندی زمینی معاملات کی بناء پر کی گئی تھی۔ فرار ملزمان میں علی شاہ ، حماد صدیقی اور دیگر دو شامل ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ قتل کے روز ملزم علی شاہ اپنی گاڑی میں حماد صدیقی اور شہزاد کے ہمراہ جائے وقوعہ پر موجود رہا۔

واضح رہے کہ پولیس حکام کے مطابق سترہ اپریل کو یوسی چیئرمین عامر بھاشانی کو فائرنگ کرکے ان کے کیمپ آفس گلشن ضیاء میں قتل کیا گیا تھا۔

Read Comments