بوائے فرینڈ سے بریک اپ، جان بوجھ کر پیراشوٹ نہ کھولنے والی خاتون نے موت کو گلے لگا لیا
جنوبی ویلز کی ماہر اسکائی ڈائیور نے مبینہ طور پر 10 ہزار فٹ کی بلندی سے چھلانگ لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک 32 سالہ تجربہ کار اسکائی ڈائیور جیڈ داماریل نے مبینہ طور پر 10 ہزار فٹ کی بلندی سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی، یہ واقعہ بوائے فرینڈ سے علیحدگی کے ایک روز بعد پیش آیا۔
ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق جیڈ نے جان بوجھ کر پیراشوٹ نہ کھولنے کا فیصلہ کیا اور 120 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے زمین پر آگری۔
رپورٹ کے مطابق خاتون اسکائی ڈائیور کا تعلق جنوبی ویلز سے تھا اور وہ اسکائی ڈائیونگ میں خاصہ تجربہ رکھتی تھیں، جنہوں نے 400 سے زائد اونچائی سے چھلانگ لگائی تھی۔ ویلز پولیس نے فوری طور پر حادثے یا کسی مجرمانہ پہلو کو مسترد کر دیا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ جیڈ نے خودکشی سے ایک رات قبل اپنے 26 سالہ اسکائی ڈائیور بوائے فرینڈ بین گوڈفیلو سے علیحدگی اختیار کی تھی۔ دونوں گزشتہ چھ ماہ سے زائد عرصے سے ساتھ تھے۔
ایک قریبی دوست نے ڈیلی میل کو بتایا وہ دونوں ایک دوسرے سے الگ ہی نہیں ہوتے تھے۔ سارا وقت اکٹھے گزارتے تھے، کسی اور سے زیادہ بات چیت نہیں کرتے تھے۔ وہ ہمیشہ ایک ساتھ اسکائی ڈائیونگ کرنے جاتے تھے۔ جیڈ کی موت سے ایک رات قبل بین نے رشتہ ختم کر دیا۔ اگلے روز جب بین کام پر گیا تو اسی دوران جیڈ نے اپنی زندگی ختم کر لی۔
ابتدائی طور پر اس واقعے کو ایک افسوسناک حادثہ سمجھا گیا، لیکن بعد ازاں SkyHigh Skydiving نے ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ یہ ممکنہ طور پر ارادی اقدام تھا۔ تحقیق میں پیراشوٹ یا ساز و سامان میں کسی خرابی کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔
جیڈ کے قریبی دوستوں کے مطابق پولیس کو ایک خودکشی کا نوٹ بھی ملا ہے جس میں ان کے حالیہ بریک اپ کا حوالہ موجود تھا۔ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جیڈ نے دانستہ طور پر اسکائی ڈائیو کے دوران اپنا پیراشوٹ نہ کھولنے کا فیصلہ کیا، جس کے نتیجے میں وہ زمین پر گر کر ہلاک ہو گئیں۔
آپ تنہا نہیں، مدد دستیاب ہے
ذہنی دباؤ اور پریشانی آج کی تیز رفتار زندگی میں بہت عام ہے۔ مشکلات سے نمٹنے کیلئے ہر انسان کو سہارے، اچھے مشورے اور رہنمائی کی ضرورت ہوتی ہے۔ براہ کرم آپ ہیلپ لائن سے رابطہ کریں۔
اگر آپ اداس محسوس کر رہے ہیں۔ آپ تنگ ماحول میں کام کرنے کی وجہ سے تناؤ محسوس کر رہے ہیں۔
کسی بھی بیماری کی وجہ سے پریشانی محسوس کر رہے ہیں یا حال میں آپ کوئی ذہنی بیماری کی تشخیص ہوئی ہے۔
آپ کے ڈاکٹر نے آپ کو کونسلنگ لینے کا مشورہ دیا ہے، آپ محسوس کر رہے ہیں کہ آپ کیفیت کو کوئی نہیں سمجھ رہا ہے۔
آپ درج ذیل ہیلپ لائنز سے رابطہ کرسکتے ہیں اور ان سے بات کرسکتے ہیں۔
مائنڈ آرگنائزیشن: 35761999 042
امنگ: 4288665 0317
ٹاک ٹومی ڈاٹ پی کے: 4065139 0333
بات کرو: 5743344 0335
تسکین: 5267936 0332
روح: 3337664 0333
روزن: 22444 0800
اوپن کونسلنگ 35761999 042
یہاں یہ بات اہم ہے کہ آپ کو کیا کرنا چاہیے۔ اگر آپ کا کوئی جاننے والا فرد خودکشی کرنے کی کوشش کرتا ہے یا کسی بھی طرح کی علامات ظاہر کرتا ہے، تو براہ کرم درج ذیل ہدایات پرلازمی عمل کریں۔
اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کریں کہ انہیں تنہا نہ چھوڑیں۔
ایسی چیزوں کو اِن کے پاس سے ہٹا دیں جس سے وہ خود کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
ایسے فرد کو طبی یا ذہنی صحت کے ماہر سے مدد لینے کے لیے اس کی حوصلہ افزائی کریں۔