کراچی کے علاقے منگھو پیر میں ماموں بھانجے کا قتل پسند کی شادی کا شاخسانہ نکلا
کراچی کے علاقے منگھوپیر میں فائرنگ سے ماموں بھانجے کی ہلاکت کا معاملہ پسند کی شادی کا نتیجہ نکلا۔ ملزمان کی فائرنگ سے دوسرا ماموں زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق مقتولین بولان سے صائمہ نامی لڑکی کو بھگا کرلائے تھے۔ واردات کے بعد ملزمان لڑکی ساتھ لے گئے۔
کراچی کے علاقے منگھوپیر میں پسند کی شادی جان لیوا ثابت ہوئی۔ فائرنگ کے ایک دلخراش واقعے میں ماموں اور بھانجا جاں بحق جبکہ ایک ماموں زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ پسند کی شادی کا شاخسانہ ہے۔
مقتول شمن علی، بلوچستان کے علاقے بولان سے صائمہ نامی لڑکی کو بھگا کر کراچی لایا تھا۔ اطلاعات کے مطابق دونوں نے شادی کرلی تھی اور کراچی کے علاقے منگھوپیر میں مقیم تھے۔ جمعہ کے روز دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار مسلح افراد نے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں شمن علی اور اس کا ماموں محمد اسحاق موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ دوسرا ماموں عبداللہ زخمی ہوا۔ واردات کے بعد ملزمان صائمہ کو بھی اپنے ساتھ لے گئے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے تین روز قبل مقتولین کی ریکی بھی کی تھی۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ مقتولین کے لواحقین نے انصاف کی اپیل کی ہے۔