اپ ڈیٹ 24 جولائ 2025 10:18pm

عالمی کریڈٹ ایجنسی ایس اینڈ پی گلوبل نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر کر دی

پاکستانی معیشت کیلئے بہتر خبر،عالمی کریڈٹ اداروں کا پاکستانی معیشت پر اعتماد بحال ہورہا ہے ایک اور عالمی ایجنسی ایس اینڈ پی گلوبل ریٹنگ نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر کردی ہے۔

‎ایس اینڈ پی گلوبل ریٹنگ نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو ٹرپل سی پلس سے بی مائنس کردیا ہے، جو معیشت کی بہتری کی جانب اہم قدم ہے۔

اس سے قبل فیچ ریٹنگ ایجنسی نے بھی پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کا اعلان کیا تھا۔ عالمی اداروں نے پاکستان کی فارن ریزروز میں اضافے اور بیلنس آف پیمنٹ میں بہتری کو بھی مالی استحکام کی جانب مثبت قدم قرار دیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے ریونیو میں اضافہ اور مہنگائی میں کمی جیسے اقدامات نے مالی استحکام کو فروغ دیا ہے۔

عالمی اداروں کا خیال ہے کہ پاکستان کو مستقبل میں بھی مالیاتی اداروں کی جانب سے سپورٹ ملتی رہے گی، جو ملک کی معاشی ترقی کے لیے مددگار ثابت ہوگی۔

وزیراعظم شہباز شریف کا ایس اینڈ پی گلوبل ریٹنگز میں بہتری پراطمینان کا اظہار

وزیراعظم پاکستان نے ایس اینڈ پی گلوبل کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پیش رفت ملکی معیشت کے استحکام کی جانب سفر کا ثبوت ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری سے پاکستان کو عالمی کیپیٹل مارکیٹ تک رسائی میں آسانی ہوگی، جس سے بیرونی قرضوں کی ادائیگی کا دباؤ کم ہو گا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ ملک کے میکرو اکنامک اشاریے مسلسل بہتری کی جانب بڑھ رہے ہیں، جو حکومت کی مؤثر معاشی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔

وزیراعظم نے اس پیش رفت کو حکومت کی معاشی ٹیم کی محنت اور حکمت عملی کی کامیابی قرار دیتے ہوئے ٹیم کی کاوشوں کو قابلِ تعریف قرار دیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی اداروں کی جانب سے پاکستان کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد ملک کی ساکھ بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو رہا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری سے بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید بڑھے گا، جس کا فائدہ براہِ راست قومی معیشت اور روزگار کے مواقع پر پڑے گا۔

Read Comments