شائع 19 اگست 2025 12:27am

اوپن اے آئی کا چیٹ جی پی ٹی سے لکھی گئی تحریر کو پہچاننے کیلئے نیا ٹول تیار

اوپن اے آئی نے ایک ایسا ٹول بنایا ہے جو ممکنہ طور پر ایسے طلبہ کو فوری طور پر پکڑ سکتا ہے جو اپنے اسائنمنٹس لکھنے کے لیے چیٹ جی پی ٹی کا استعمال کرتے ہیں، تاہم کمپنی ابھی اس پر غور کر رہی ہے کہ آیا اس ٹول کو عام لوگوں کے لیے جاری کیا جائے یا نہیں۔

کمپنی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وہ ’ٹیکسٹ واٹرمارکنگ‘ کے طریقے پر تحقیق کر رہے ہیں، جو تحریر میں ایک چھپی ہوئی نشانی ڈال دیتا ہے جس سے بعد میں معلوم کیا جا سکتا ہے کہ تحریر چیٹ جی پی ٹی نے لکھی ہے یا نہیں۔

ترجمان نے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی مؤثر تو ہے لیکن اس کے کچھ خطرات بھی ہیں، جیسے کہ کچھ لوگ اسے چالاکی سے نظر انداز کر سکتے ہیں یا یہ انگریزی نہ بولنے والے لوگوں پر غیر ضروری اثر ڈال سکتی ہے۔

اوپن اے آئی کا کہنا ہے کہ پہلے بھی وہ اے آئی کی تحریر کو پہچاننے والے ٹول بنا چکے ہیں، لیکن وہ زیادہ درست نہیں تھے، اسی لیے پچھلے سال انہیں بند کر دیا گیا۔

اس نئے طریقہ کار میں صرف چیٹ جی پی ٹی کی تحریر کو پہچانا جا سکے گا اور اس کے لیے چیٹ جی پی ٹی کے الفاظ کے انتخاب میں معمولی تبدیلی کی جائے گی تاکہ ایک ’انویزیبل واٹرمارک‘ پیدا ہو جائے۔

کمپنی کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ طریقہ کچھ حالات میں ناکام بھی ہو سکتا ہے، جیسے کہ تحریر کو ترجمہ کرنا، دوبارہ لکھوانا یا کسی اور اے آئی ماڈل کے ذریعے تبدیل کرنا۔

Read Comments