شائع 10 اکتوبر 2025 02:26pm

علی امین گنڈاپور نے وزیراعلیٰ ہاؤس خالی کردیا، ڈی آئی خان روانہ

پشاور: خیبر پختونخوا کے مستعفی وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے وزیراعلیٰ ہاؤس خالی کردیا۔ علی امین گنڈاپور نے وزیرِاعلیٰ ہاؤس کے ملازمین سے فرداً فرداً الوداعی ملاقات کی۔ جس کے بعد وہ پشاور سے اپنے آبائی شہر ڈیرہ اسماعیل خان روانہ ہوگئے۔

ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطابق علی امین گنڈاپور نے وزیراعلیٰ ہاؤس کے ملازمین سے ملاقات کی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ جس کے بعد عملے نے علی امین گنڈاپور کو رخصت کیا۔

واضح رہے کہ علی امین گنڈا پور نے بدھ کے روز ایک ویڈیو بیان میں اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعلیٰ کا عہدہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی امانت تھی اور ان کے حکم پر امانت واپس کرکے وزارت اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے رہا ہوں۔

گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزارتِ اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے چکا ہوں، اب اگر بانیٔ پی ٹی آئی بھی کہیں گے تو اپنا فیصلہ واپس نہیں لوں گا۔

Read Comments