نیپا چورنگی واقعہ: وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر 5 متعلقہ افسران معطل
کراچی کے علاقے نیپا چورنگی میں مین ہول میں گرنے سے 3 سالہ بچے ابراہیم کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر 5 متعلقہ افسران کو معطل کردیا گیا جب کہ اس سلسلے میں محکمہ بلدیات نے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
بدھ کو وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت نیپا چورنگی واقعے سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزرا، کے ایم سی، ٹاؤن انتظامیہ اور پولیس حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ بچے کے جاں بحق ہونے پر دلی افسوس ہے، جس کی بھی کوتاہی ہے اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے جب کہ انہوں نے ایک دوسرے پر ذمہ داری عائد کرنے کے عمل کو افسوسناک قرار دیا۔
ذرائع کے مطابق مراد علی شاہ نے متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تمام متعلقہ افسران کو معطل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ چیف سیکرٹری سندھ آج ہی ذمہ دار افسران کےخلاف کارروائی کریں۔
بعدازاں وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت کے بعد محکمہ بلدیات سندھ نے 5 متعلقہ افسران کو معطل کردیا، اس حوالے سے محکمہ بلدیات سندھ نے واقعے پر افسران کی معطلی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔
کراچی: کھلے مین ہول میں کمسن بچے کی ہلاکت، اسمبلی ارکان کا سانحے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
نوٹیفکیشن کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز عمران راجپوت کو معطل کردیا۔ ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گلشن اقبال کے اسسٹنٹ انجینئر راشد فیاض اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ایگزیکٹو انجینئر وقار احمد کو بھی معطل کردیا گیا۔
اس کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنرگلشن اقبال عامر علی شاہ اور مختیارکار گلشن اقبال سلمان فارسی کو بھی معطل کیا گیا ہے۔
نیپا چورنگی واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل
دوسری جانب کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں 3 سالہ بچے کی ہلاکت کے معاملے کی تحقیقات کے لیے کراچی پولیس چیف کی سربراہی میں 4 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
کمیٹی میں ڈی آئی جی احمد نواز چیمہ، ایس ایس پی ایسٹ اور ایس پی انویسٹی گیشن سینٹرل انعم تجمل کو شامل کیا گیا ہے۔ تحقیقات کے لیے قائم کمیٹی کے ارکان متوفی ابراہیم کے گھر گئے، جہاں انہوں نے لواحقین سے ملاقات کی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لواحقین سے مقدمہ درج کرانے کے حوالے سے بات چیت کی گئی ہے، تاہم تاحال لواحقین نے مقدمہ درج کرانے پر آمادگی ظاہر نہیں کی۔
سی سی ٹی وی دیکھ کر معلوم کریں گے گٹر کا ڈھکن کب سے غائب تھا: میئر کراچی
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کا عمل جاری ہے اور لواحقین کے تعاون سے مزید پیش رفت کی جائے گی۔
واضح رہے کہ اتوار کی رات کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں نیپا چورنگی کے قریب 3 سالہ ابراہیم نجی ڈیپارٹمنٹل اسٹور کے باہر گٹر میں گر گیا تھا، بچے کی والدہ کی دردناک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔
اہل خانہ اور اہل محلہ نے اپنی مدد آپ کے تحت مشینری بلاکر 3 سالہ ابراہیم کی تلاش شروع کی تھی تاہم پوری رات گزرنے کے باوجود بچہ نہیں مل سکا تھا۔