اپ ڈیٹ 06 دسمبر 2025 01:14pm

فلائٹ بحران: بھارتی جوڑے کی اپنی ہی شادی کی دعوت میں آن لائن شرکت

بھارت میں انڈیگو ایئرلائن کے بحران نے ایک نوبیاہتا جوڑے کی خوشیاں بھی متاثر کر دیں۔ فلائٹ منسوخ ہونے کے باعث میدھا کشرے ساگر اور سنگرام داس اپنی ہی استقبالیہ تقریب میں شرکت نہ کر سکے اور آخرکار انہیں آن لائن شریک ہونا پڑا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق میدھا کشرے ساگر، جو ہبلی کی رہائشی ہیں، اور سنگرام داس، جو بھوبنیشور سے تعلق رکھتے ہیں، دونوں بنگلورو میں مقیم سافٹ ویئر انجینئرز ہیں۔ دونوں کی شادی 23 نومبر کو بھوبنیشور میں ہوئی تھی، جبکہ 3 دسمبر کو ہبلی میں استقبالیہ رکھا گیا تھا جہاں تمام انتظامات مکمل تھے اور دونوں خاندانوں کے عزیز و اقارب بھی پہنچ چکے تھے۔

جوڑے اور ان کے چند رشتہ داروں نے 2 دسمبر کو بھوبنیشور سے بنگلورو اور پھر وہاں سے ہبلی کے لیے انڈیگو کی پروازیں بک کر رکھی تھیں۔ دیگر اہل خانہ نے ممبئی کے ذریعے سفر کرنا تھا۔ تاہم انڈیگو کے عملے نے صبح 9 بجے سے تاخیر کی اطلاع دینا شروع کی، جو وقت گزرنے کے ساتھ بڑھتی رہی، اور بالآخر 3 دسمبر کی صبح پرواز منسوخ کر دی گئی۔

75 سالہ بزرگ شخص 35 سالہ خاتون سے شادی کے اگلے دن ہی چل بسا

فلائٹ منسوخ ہونے کے باعث جوڑا بھوبنیشور میں ہی پھنس گیا اور کوئی متبادل سفری انتظام نہ ہو سکا، جس پر انہیں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے تقریب میں شرکت کرنی پڑی۔

ہبلی میں واقع گجرات بھون میں تقریب کے لیے ہال بُک تھا اور تمام انتظامات مکمل تھے۔ جوڑا شریک نہ ہو سکا تو دلہن کے والدین نے رسمی طور پر جوڑے کی نشست پر بیٹھ کر روایتی رسومات مکمل کیں، جبکہ میدھا اور سانگما آن لائن موجود رہے۔

چین میں کم عُمرلڑکی سے شادی کرنے والوں کیلئے ’انعامی رقم‘ کا اعلان

میدھا کے والد انیل کمار نے ٹائمز آف انڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اگر انڈیگو پہلے ہی اطلاع دے دیتا تو وہ کوئی متبادل راستہ اختیار کر سکتے تھے۔ انہوں نے کہا ’اگر پیشگی آگاہی دی جاتی تو ہم دوسرا انتظام کر لیتے۔ مناسب معلومات نہ ملنے کی وجہ سے جوڑے کو اپنی ہی تقریب میں آن لائن شریک ہونا پڑا۔‘

Read Comments