تیسرے ٹیسٹ سے قبل آسٹریلیا اور انگلینڈ کے 2 فاسٹ بولرز ایشیز سیریز سے باہر
ایشیز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ سے قبل آسٹریلیا اور انگلینڈ کے لیے بُری خبر سامنے آگئی، انگلش ٹیم کے فاسٹ بولر مارک ووڈ اور آسٹریلوی ٹیم کے بولر جوش ہیزل ووڈ پوری سیریز سے باہر ہوگئے ہیں جب کہ کینگرو ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز کی تیسرے ٹیسٹ میں واپسی ہوئی ہے۔
آسٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز کے پہلے 2 ٹیسٹ میچز ہارنے والی انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا جب کہ آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کے لیے ایک ساتھ اچھی اور بری خبر سامنے آئی ہے۔
انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ایشز سیریز 2025 کے اب تک 2 میچ کھیلے گئے اور دونوں میں آسٹریلیا نے فتح حاصل کی، جس کے بعد مہمان ٹیم کو 5 میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹیسٹ 17 دسمبر سے ایڈیلیڈ میں کھیلا جانا ہے، اس سے پہلے دونوں ٹیموں کو بڑا دھچکا لگا ہے۔
انگلینڈ کو دھچکا لگا
ایشیز سیریز میں پہلے ہی 0-2 سے پیچھے رہنے والی انگلینڈ کو بڑا دھچکا لگا ہے۔ فاسٹ بولر مارک ووڈ انجری کے باعث پوری سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔
انہوں نے پرتھ میں پہلا ٹیسٹ کھیلا لیکن ان کے بائیں گھٹنے کی چوٹ نے انہیں دوسرے ٹیسٹ سے باہر کر دیا اور وہ اب تک وہ صحت یاب نہ ہوسکے۔
انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب بحالی اور صحت یابی کے لیے وطن واپس آئیں گے۔ بورڈ نے میتھیو فشر کو ان کے متبادل کے طور پر نامزد کیا ہے۔
میتھیو فشر انگلینڈ کے لیے اب تک ایک ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیں، جو انہوں نے مارچ 2022 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلا تھا۔
آسٹریلیا کو بڑا جھٹکا لگا
آسٹریلوی فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ انجری کے باعث ایشز سے باہر ہو گئے ہیں۔ ہیڈ کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے منگل کو اس کی تصدیق کی۔ وہ اسی انجری کی وجہ سے پچھلے دو ٹیسٹ بھی نہیں کھیل سکے تھے۔
ہیزل ووڈ کو گزشتہ ماہ شیفیلڈ شیلڈ میں بولنگ کے دوران ہیمسٹرنگ کے تناؤ کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس کے بعد سے وہ ٹھیک سے صحت یاب نہیں ہوئے ہیں۔
ایشز سے محروم ہونے کے بعد، ہیزل ووڈ اب 7 فروری سے شروع ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے وقت پر صحت یاب ہونے پر توجہ مرکوز کریں گے۔
آسٹریلوی ٹیم کے کوچ نے کہا کہ مجھے ان (ہیزل ووڈ) کے لیے بہت برا لگ رہا ہے، کچھ ایسے دھچکے لگے جن کی ہمیں توقع نہیں تھی، ہم نے سوچا تھا کہ وہ سیریز میں بڑا کردار ادا کریں گے لیکن یہ ان کے لیے بہت دکھ کی بات ہے کہ انہیں یہ موقع نہیں ملے گا۔
آسٹریلوی کپتان کی واپسی
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز جو چوٹ کی وجہ سے پہلے 2 ایشز ٹیسٹ نہیں کھیل سکے تھے، تیسرے میں کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔
اسٹیو سمتھ ان کی غیر موجودگی میں ٹیم کی قیادت کر رہے تھے۔ پیٹ کمنز کی ٹیم میں شمولیت تیسرے ٹیسٹ کے لیے آسٹریلیا کے پیس اٹیک کو بدل دے گی۔