سوڈان میں ڈرون حملہ: یواین امن مشن کے 6 بنگلا دیشی ارکان جاں بحق
سوڈان میں ڈرون حملے میں بنگلادیش سے تعلق رکھنے والے یو این امن مشن کے چھ ارکان جاں بحق ہوگئے۔
اقوام متحدہ کے مشن کے مطابق ہفتے کے روز سوڈان کے کوردوفان ریجن میں ڈرون حملہ ہوا جس میں اقوام متحدہ کے مشن بیس کو نشانہ بنایا گیا۔
اقوام متحدہ کے مطابق اس حملے میں چھ اہلکار زخمی بھی ہوئے، جن میں سے چار کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ زخمی ہونے والے تمام اہلکاروں کا تعلق بھی بنگلادیش سے ہے۔
سوڈان میں شہریوں کی بڑی تعداد کو اجتماعی پھانسیاں
بنگلادیش کے عبوری سربراہ محمد یونس نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ایک بیان میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ زخمی بنگلادیشی اہلکاروں کو ہر ممکن ہنگامی طبی امداد فراہم کی جائے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے امن مشن کے اراکین پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نوعیت کے حملے بلاجواز ہیں اور یہ جنگی جرائم کے زمرے میں آ سکتے ہیں۔
’شاہ رخ خان کو جانتے ہو؟‘ سوڈانی باغیوں کا اغوا شدہ بھارتی سے سوال وائرل
سوڈانی فوج نے اس ڈرون حملے کا الزام باغی فوج ریپڈ سپورٹ فورس (آر ایس ایف) پر عائد کیا ہے۔ تاہم آر ایس ایف کی جانب سے واقعے پر تاحال کوئی فوری ردعمل سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ سوڈانی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورس کے درمیان گزشتہ دو سال سے زائد عرصے سے خانہ جنگی جاری ہے، جس میں اب تک ہزاروں افراد جان سے جا چکے ہیں۔