شائع 14 دسمبر 2025 10:49pm

انتظار کی گھڑیاں ختم: پی ایس ایل 11 کے آغاز کی حتمی تاریخ سامنے آگئی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آغاز کے حوالے سے انتظار کی گھڑیاں ختم ہوگئیں کیوں کہ پی ایس ایل کے 11 ویں سیزن کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے تحت پی ایس ایل 26 مارچ سے 3 مئی تک جاری رہے گا جب کہ نئی ٹیموں کی نیلامی کی 8 جنوری کو ہو گی۔

تاریخ میں پہلی بار امریکا کے شہر نیویارک میں پی ایس ایل روڈ شو کا انعقاد کیا گیا، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کی جانب سے روڈ شو میں اہم اعلانات کیے گئے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پی ایس ایل کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ایونٹ کا گیارہواں ایڈیشن اگلے سال 26 مارچ سے 3 مئی تک کھیلا جائے گا۔

محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل کا آغاز 26 مارچ سے ہو گا، پی ایس ایل کا فائنل 3 مئی کو کھیلا جائے گا، پی ایس ایل کے 11 میچز کی میزبانی اس بار فیصل آباد بھی کرے گا۔

پی سی بی سربراہ محسن نقوی کے مطابق نئی ٹیموں کی نیلامی کی نئی تاریخ 8 جنوری مقرر کر دی، بولی جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کے باعث نیلامی کی نئی تاریخ دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل کو دنیا بھر میں کامیاب بنانے کے لیے ہرممکن کوششیں کررہے ہیں، پی سی بی اور پی ایس ایل کی انتظامیہ کرکٹ کی بہتری کیلئے کام کررہی ہیں، پی ایس ایل میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو خاطر خوا فائدہ ملتا ہے۔

انگلینڈ میں کامیابی کے بعد نیویارک میں پہلی بارایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کا روڈ شو ہوا۔ ان روڈ شوز کا مقصد 8 جنوری کو پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کی خریداری میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو راغب کرنا تھا۔

نیویارک روڈ شو میں پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی، ٹی ٹوئنٹی کپتان سلمان علی آغا، صائم ایوب، ابرار احمد، فہیم اشرف، سعود شکیل، شان مسعود، سابق کپتان وسیم اکرم، رمیز راجہ سمیت دیگر نے شرکت کی۔ امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ کا کہنا تھا کہ کھیل سفارت کاری اور ثقافتوں کی پہچان کا ذریعہ ہیں۔

قومی کرکٹرز شان مسعود، سلمان علی آغا اور سعود شکیل نے پی ایس ایل کے تجربات شیئر کیے۔ ابراراحمد، فہیم اشرف اور صائم ایوب نے بھی پی ایس ایل کی اہمیت پر بات کی۔

پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے پی ایس ایل کی تاریخوں کا اعلان کرتے ہوئے اسے دنیا کی نمبرون لیگ بنانے کا عزم ظاہر کیا۔ سابق کپتان وسیم اکرم اور رمیز راجہ کے نزدیک پی ایس ایل نوجوان کرکٹرز کے لیے بہترین پلیٹ فارم ہے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر رمیز راجہ نے کہا کہ پی ایس ایل کے انعقاد سے پاکستان کے نوجوان کرکٹرز کو غیرملکی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملتا ہے۔ سابق کرکٹر وسیم اکرم نے کہا کہ پی ایس ایل پاکستان کے شائقین کرکٹ کیلئے تفریح کے اچھے مواقع فراہم کررہی ہے۔

روڈ شو میں کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کو نئے سرے سے بنانے کا بھی اعلان کیا گیا۔ مظفرآباد اور حیدر اباد اسٹیڈیمز بھی آباد کرنے کی منصونہ بندی کئی گئی ہے۔

Read Comments