ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 7 دہشت گرد ہلاک، پاک فوج کا جوان شہید
خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک کامیاب آپریشن کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک بہادر جوان نائیک یاسرخان مادرِ وطن پر قربان ہو گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 7 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے فائرنگ کے دوران پاک فوج کے 34 سالہ نائیک یاسر خان جن کا تعلق ضلع مردان سے تھا، دشمن کا جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہوگئے۔ شہید نے آخری دم تک فرض کی ادائیگی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کارروائی کے بعد ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا، جو وہ علاقے میں سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گرد سرگرمیوں میں استعمال کر چکے تھے، علاقے میں کسی بھی ممکنہ دہشت گرد کی موجودگی کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج کی جانب سے بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور شدہ حکمتِ عملی “عزمِ استحکام” کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھیں گے۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ قوم شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں ملکی سلامتی کی ضمانت ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں خفیہ اطلاعات پر 2 الگ الگ کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 13 دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔
ضلع مہمند میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جہاں سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 7 خوارج کو جہنم واصل کیا گیا تھا جب کہ ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع بنوں میں کیا گیا، جہاں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مزید 6 خوارج کو ہلاک کیا تھا۔
صدر، وزیر داخلہ کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ڈیرہ اسماعیل خان میں کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
آصف زرداری نے 7 خوارج کے خاتمے کو ریاستی رٹ کے مؤثر نفاذ کے عزم کا مظہر قرار دیا اور نائیک یاسر خان شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم شہید کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی کلاچی میں کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
وزیر داخلہ نے جام شہادت نوش کرنے والے نائیک یاسرخان کوخراج عقیدت پیش کیا اور شہید نائیک یاسر خان کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ شہید نائیک یاسرنے جان دیکرخوارجیوں کے ناپاک عزائم کوخاک میں ملایا۔