شائع 18 دسمبر 2025 07:28pm

سڈنی: ممکنہ پرتشدد حملے کا منصوبہ، بونڈی بیچ کے قریب 7 افراد گرفتار

آسٹریلیا میں پولیس نے ایک ممکنہ پرتشدد حملے کو ناکام بناتے ہوئے سڈنی کے قریب سات افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ کارروائی ایسے وقت میں کی گئی جب بونڈی بیچ پر حالیہ فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

اے بی سی نیوز کے مطابق نیو ساؤتھ ویلز پولیس کا کہنا کہ انہیں خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ کسی علاقے میں پرتشدد عمل کا منصوبہ بنایا جا سکتا ہے۔ اس اطلاع پر جمعرات کی شام ٹیکٹیکل آپریشنز یونٹ نے لیورپول کی جارج اسٹریٹ پر کارروائی کی۔

پولیس نے بتایا کہ کارروائی کے دوران بھاری اسلحے سے لیس اہلکاروں نے ایک گاڑی کو ٹکر مار کر روکا اور اس میں سوار سات افراد کو حراست میں لے لیا۔ بعد ازاں پولیس اور رائٹ اسکواڈ کے اہلکاروں نےانہیں ایک باڑ کے سامنے فرش پر بٹھایا اور ہتھکڑیاں لگا کر تلاشی لی گئی۔

وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہلکار فوجی وردی میں ملبوس تھے جبکہ ملزمان زمین پر بیٹھے یا لیٹے ہوئے تھے۔ ایک شخص کے چہرے پر گرفتاری کے دوران چوٹ کے نشانات بھی نظر آئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کا بونڈی بیچ پر ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملے سے براہِ راست تعلق سامنے نہیں آیا، تاہم ان سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق، یہ افراد ایک سفید رنگ کی گاڑی میں سوار تھے اور مبینہ طور پر بونڈی بیچ کی طرف جا رہے تھے۔ پولیس نے یہ بھی تصدیق کی ہے کہ کارروائی مکمل کر لی گئی ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

واضح رہے کہ اتوار کی شام بونڈی بیچ پر ہونے والے دہشت گرد حملے میں 16 افراد ہلاک ہوئے تھے، جسے گزشتہ تقریباً 30 برسوں میں آسٹریلیا کا بدترین فائرنگ واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور کسی بھی قسم کی نفرت یا تشدد کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

Read Comments