شائع 19 دسمبر 2025 10:16am

کراچی: بھتہ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن، وزیراعلیٰ سندھ کا بھرپور کارروائی کا حکم

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں بھتا خوری کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ یہ ہدایت آباد (ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز) کے وفد سے ملاقات کے دوران دی گئی، جس میں رہنماؤں نے شہر میں بھتا مافیا کی سرگرمیوں سے متعلق شواہد وزیراعلیٰ کو فراہم کیے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے حسن بخشی کی قیادت میں آباد کے وفد نے ملاقات کی، جس میں کراچی میں بھتہ خوری کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفد نے بھتہ مافیا کی جانب سے موصول ہونے والی پرچیاں اور بھتا طلب کرنے والوں کے موبائل نمبرز وزیراعلیٰ کے حوالے کیے۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر آباد رہنماؤں سے شکوہ کیا کہ اگر شکایات پہلے کی جاتیں تو بروقت کارروائی ممکن ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ وہ بھتہ خوری کے خلاف پریس کانفرنس بھی دیکھ چکے ہیں اور اس معاملے پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے پولیس کو ہدایت کی کہ آباد کی شکایات پر فوری اور مؤثر ایکشن لیا جائے۔

وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن نے ملاقات کے دوران بتایا کہ صوبے بھر میں بھتہ مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور اب تک 50 بھتا خوروں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں بھتہ خوری کے نیٹ ورک کو توڑنے کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ادھر کراچی پولیس نے بھتہ مافیا کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے فیڈرل بی ایریا سے ایک گینگ کے سرغنہ صمد کاٹھیاواڑی کے بھائی شاہد کو تین ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق بھتے کے لیے کالز کرنا اور رقم وصول کرنا شاہد کی ذمہ داری تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے قبضے سے موبائل فون اور سم کارڈ بھی برآمد کیے گئے ہیں، جن کی مدد سے مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق بھتہ خوروں کی گرفتاری کے لیے وفاقی اداروں سے تعاون لینے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

Read Comments