منیجر پاکستان ہاکی ٹیم انجم سعید مبینہ سگریٹ نوشی پرجہاز سے آف لوڈ
پاکستان ہاکی ٹیم کے منیجر انجم سعید غیر ملکی دورے سے وطن واپسی پر مبینہ طور پر جہاز میں سگریٹ نوشی کرتے پکڑے گئے جس کے بعد انہیں آف لوڈ کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی ٹیم ارجنٹائن میں پرو ہاکی لیگ میں شرکت کے بعد وطن واپس آ رہی تھی کہ برازیل میں ٹرانزٹ کے دوران انجم سعید نے مبینہ طور پر جہاز میں سگریٹ نوشی کی۔ واقعے کے بعد ایئرلائن عملے نے کارروائی کرتے ہوئے ٹیم منیجر اور ایک کھلاڑی کو جہاز سے آف لوڈ کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ منت سماجت کے باوجود ایئرلائن حکام نے دونوں کو سفر کی اجازت نہیں دی۔ بعد ازاں دونوں مسافروں کو جہاز سے اتار دیا گیا، جس کے باعث ٹیم کی واپسی متاثر ہوئی۔
دوسری جانب پاکستان ہاکی ٹیم کے منیجر انجم سعید نے واقعے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جہاز سے آف لوڈ کیے جانے کی خبر درست نہیں اور یہ ان کے خلاف پروپیگنڈہ ہے۔ ان کے مطابق وہ اور ایک کھلاڑی دبئی میں قیام کے لیے رکے تھے اور بعد میں بحفاظت وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔
واقعے کے حوالے سے تاحال پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔