شائع 19 دسمبر 2025 03:27pm

بلڈ پریشر سے لے کر دل کی بیماری تک، سوئٹر اور موزے پہن کر سونے کے 5 بڑے خطرات

سردی کے موسم میں زیادہ تر لوگ ٹھنڈ سے بچنے کے لیے رات کو سوئٹر اور موزے پہن کر سوتے ہیں۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ عادت آپ کی صحت کے لیے کتنی خطرناک ہوسکتی ہے۔

ماہرین صحت اور تحقیق کے مطابق، گرم کپڑے پہن کر سونے سے جسم کا درجہ حرارت بڑھ سکتا ہے، جو نیند کی معیار کو متاثر کرتا ہے اور صحت کے کئی مسائل کو جنم دے سکتا ہے، جن میں دل کی بیماریاں اور بلڈ پریشر کا بڑھنا شامل ہیں۔

ہندوستان ڈاٹ کام کے مطابق سی کے برلا اسپتال کی ماہر داخلی امراض ڈاکٹر منیشا اریا کہتی ہیں، سردیوں میں موٹے کپڑے پہن کر سونا یقینا آرام دہ محسوس ہو سکتا ہے، لیکن کئی مطالعات سے یہ ثابت ہوا ہے کہ اس کے کچھ چھپے ہوئے نقصانات بھی ہو سکتے ہیں۔

ان کے مطابق بہت زیادہ تنگ یا زیادہ پرت والے کپڑے جسم کی حرارت کواندر ہی روکے رکھتے ہیں، جس سے جسم کا قدرتی درجہ حرارت متاثر ہوتا ہے اور نیند کی کیفیت خراب ہو جاتی ہے۔ خراب نیند سے بلڈ پریشر میں اضافہ ہو سکتا ہے، تناؤ کے ہارمونز زیادہ بننے لگتے ہیں اوراگے چل کر دل کی بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

سوئٹر اور موزے پہن کر سونے کے 5 بڑے خطرات

جسم کا درجہ حرارت بڑھنا (اوور ہیٹنگ)

سوئٹر اور موزے پہننے سے جسم میں اضافی حرارت پیدا ہوتی ہے، جو جسم کے قدرتی طریقہ کار کو متاثر کرکے نارمل ٹمپریچر کو خراب کردیتی ہے۔ اس کا نتیجہ بے چینی، گھبراہٹ اور نیند کے بار بار ٹوٹنے کی صورت میں سامنے آتا ہے۔

فنگس اور جلدی انفیکشن کا خطرہ

زیادہ گرمی سے رات کے وقت پسینہ زیادہ آتا ہے، جس سے جلد پر بیکٹیریا یا فنگل انفیکشن ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ خاص طور پر موزے پہننے سے پیروں میں نمی جمع ہو جاتی ہے، جو چند دنوں بعد خارش، دانے یا فنگس کا سبب بن سکتی ہے۔ گندے یا پرانے سوئٹر اور موزے پہننے سے یہ خطرہ مزید بڑھ جاتا ہے۔

دل پر دباؤ بڑھنا

سوئٹر یا موزے پہن کر سونے سے جسم کا درجہ حرارت بڑھنے، پسینہ آنے اور بے چینی کی وجہ سے بلڈ پریشر بڑھ سکتا ہے اور دل پر اضافی دباؤ پڑ سکتا ہے۔

جلد کی بیماریاں

اون والے کپڑوں کے موٹے ریشے جلد سے رگڑ کر خارش، دانے اور جلد کی خشکی کی شکایات بڑھا سکتے ہیں۔ سوئٹر اور موزے کی جلد پر رگڑ کی وجہ سے یہ مسائل اور بھی شدت اختیار کر سکتے ہیں۔

خراب نیند اور خون کی گردش میں رکاوٹ

گرم کپڑے پہن کر سونے سے بے چینی پیدا ہوتی ہے، جس کی وجہ سے نیند مکمل نہیں ہوتی اور اگلے دن تھکاوٹ اور سستی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ٹائٹ سوئٹر یا موزے پہن کر سونے سے خون کی گردش متاثر ہو سکتی ہے، جس سے پٹھوں میں اکڑن اور درد پیدا ہو سکتا ہے۔ آپ نے اکثر لوگوں کو صبح اٹھنے پر ہاتھ پاؤں کے سن ہو جانے کی شکایت کرتے ہوئے دیکھا ہوگا، جس کا سبب خون کی گردش میں رکاوٹ ہوتی ہے۔

ماہرین کے مطابق سردیوں میں سوئٹر اور موزے پہن کر سونے سے بچنا بہتر ہے۔ اس کے بجائے، ڈھیلے اور سانس لینے کے قابل کپڑے پہننا زیادہ فائدہ مند ہے تاکہ جسم کا درجہ حرارت قدرتی طور پر برقرار رہے اور نیند کی کیفیت بھی متاثر نہ ہو۔ اگر آپ کو صحت کے مسائل ہیں تو ڈاکٹر سے مشورہ کرنا ضروری ہے۔

Read Comments