شائع 19 دسمبر 2025 07:38pm

سری لنکا نے ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل کپتان تبدیل کردیا، ٹیم کی قیادت کون کرے گا؟

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آی سی سی) مینز ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل سری لنکن کرکٹ ٹیم میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے چرِتھ اسالنکا کو قیادت سے ہٹا کر داسن شناکا کو ایک بار پھر ٹی 20 ٹیم کا کپتان مقرر کردیا گیا۔

کرکٹ کی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق سری لنکا کرکٹ بورڈ نے آئندہ برس فروری میں شیڈول مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے سری لنکن ٹیم کی قیادت داسن شناکا کے سپرد کردی، جو ٹورنامنٹ کے اختتام تک ٹی 20 ٹیم کے کپتان رہیں گے۔ یہ فیصلہ چرِتھ اسالنکا کو اس فارمیٹ کی کپتانی سے ہٹا کر کیا گیا ہے۔ کپتانی میں اس تبدیلی کا فیصلہ سابق سلیکشن کمیٹی کی مدت ختم ہونے کے باعث تاخیر کا شکار رہا، جس کی سربراہی اپُل تھارنگا کر رہے تھے۔

جمعے کو سری لنکن کرکٹ ٹیم کے نئے چیف سلیکٹر پرامودیا وکرما سنگھے نے ورلڈ کپ کے لیے ابتدائی اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے تصدیق کی کہ داسن شناکا ہی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ ہیڈ کوچ سنتھ جے سوریا سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔ ہے۔

چیف سیلکٹر کے مطابق سابق سلیکشن کمیٹی کی جانب سے تیار کردہ 25 رکنی فہرست کو ہی ابتدائی اسکواڈ کے طور پر برقرار رکھا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہائی پرفارمنس کے سربراہ جیروم جے راتنے اور ہیڈ کوچ سے تفصیلی مشاورت کے بعد یہی فہرست ورلڈ کپ کے لیے موزوں سمجھی گئی۔

پرامودیا وکرما سنگھے کا مزید کہنا تھا کہ داسن شناکا کو ایک آل راؤنڈر کے طور پر دیکھا جا رہا ہے اور آئندہ دنوں میں کوچنگ اسٹاف کے ساتھ مل کر ان کے کردار کو حتمی شکل دی جائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پاکستان میں کھیلی گئی سہ ملکی سیریز کے دوران داسن شناکا کو نائب کپتان مقرر کیا گیا تھا کیوں کہ چرِتھ اسالنکا بیماری کے باعث وطن واپس لوٹ گئے تھے۔ اس ٹورنامنٹ میں سری لنکا کو زمبابوے کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم ٹیم فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہی، جہاں اسے میزبان پاکستان کے ہاتھوں بھاری شکست ہوئی۔

وکرماسنگھے نے کہا کہ فی الحال ٹیم میں تسلسل برقرار رکھنا ضروری ہے اور ورلڈ کپ تک منصوبہ بندی کے مطابق ہی آگے بڑھا جائے گا جب کہ ٹورنامنٹ کے بعد مستقبل کی حکمتِ عملی پر غور کیا جائے گا۔

اگرچہ چرتھ اسالنکا کو کپتانی سے ہٹا دیا گیا ہے تاہم وہ اسکواڈ کا حصہ برقرار رکھے گئے ہیں۔ ان کی حالیہ ٹی 20 کارکردگی، جس میں وہ رواں سال 12 اننگز میں محض 156 رنز بنا سکے، کپتانی سے ہٹانے کی ایک بڑی وجہ بنی۔ ان کا مجموعی ٹی 20 انٹرنیشنل اسٹرائیک ریٹ 126 ہے تاہم سلیکٹرز کے مطابق وہ اب بھی مستقبل کے منصوبوں میں شامل ہیں۔

ابتدائی اسکواڈ میں وکٹ کیپر بلے باز نیروشن ڈکویلا کی واپسی بھی ہوئی ہے، جو مارچ 2023 کے بعد پہلی بار قومی ٹیم کے لیے زیر غور آئے ہیں۔ سلیکشن کمیٹی کے مطابق ٹاپ آرڈر میں وکٹ کیپنگ کرنے والے بلے باز کی ضرورت کے پیش نظر ڈکویلا کو دوبارہ موقع دیا گیا ہے۔

سری لنکا کا ابتدائی ورلڈ کپ اسکواڈ

سری لنکا کے ابتدائی ورلڈ کپ اسکواڈ میں داسن شناکا (کپتان)، پاتھم نسانکا، کوسال مینڈس، کامل مشارا، کوسال پریرا، دھننجایا ڈی سلوا، نیروشن ڈکویلا، جینتھ لیاناگے، چرِتھ اسالنکا، کامندو مینڈس، پاون رتنائیکے، سہان آراچچیگے، وانندو ہسارنگا، دونتھ ویلا لاگے، میلان رتنائیکے، نووان تھوشارا، ایشان مالنگا، دُشمنتھا چمیرا، پرمود مدوشن، متھیشا پتھیرانا، دلشان مدوشنکا، مہیش تھیکشانا، دوشان ہیمنتھا، وجیاکانتھ ویاسکانتھ اور تراوین میتھیو شامل ہیں۔

Read Comments