شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پر خوارج کا حملہ، 4 جوان شہید
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پر دہشت گرد حملہ ناکام بنا دیا گیا، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 4 بہادر جوان شہید ہو گئے، جبکہ بارودی مواد کے دھماکے سے خواتین اور بچوں سمیت 15 معصوم شہری شدید زخمی ہوئے۔ دھماکے کے نتیجے میں مسجد اور قریبی گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔
پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پر بزدلانہ اور وحشیانہ حملہ کیا۔
دہشت گردوں نے کیمپ کی پیرامیٹر سیکیورٹی توڑنے کی کوشش کی، تاہم فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے باعث ان کے ناپاک عزائم ناکام بنا دیے گئے۔
ناکامی کے بعد دہشت گردوں نے بارودی مواد سے بھری گاڑی کیمپ کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی، جس سے دیوار کو نقصان پہنچا اور قریبی شہری آبادی اور مسجد متاثر ہوئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس دہشت گردانہ کارروائی میں خواتین اور بچوں سمیت 15 شہری زخمی ہوئے جبکہ متعدد گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔ ترجمان پاک فوج نے اس عمل کو کھلی بربریت اور انسانیت کے خلاف سنگین جرم قرار دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے غیر معمولی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مؤثر جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے تمام 4 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔ تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے چار بہادر سپوت وطن پر قربان ہو گئے۔
شہداء میں حوالدار محمد وقاص (عمر 42 سال، ضلع کوٹلی)، نائیک خانویز(عمر 38 سال، ضلع مانسہرہ)، سپاہی سفیان حیدر(عمر 25 سال، ضلع وہاڑی) اورسپاہی رفعت (عمر 32 سال، ضلع لیہ) شامل ہیں، جنہوں نے فرض کی ادائیگی کے دوران بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ دہشت گردانہ کارروائی افغانستان میں موجود خوارج کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے، جو افغان طالبان کی عبوری حکومت کے اس دعوے کے برعکس ہے کہ افغان سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہو رہی۔
پاکستان نے افغانستان کی طالبان حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور خوارج کو پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین استعمال کرنے سے روکے۔
ترجمان پاک فوج نے واضح کیا کہ پاکستان کے عوام کی سلامتی اولین ترجیح ہے اور ملک خوارج، ان کے سہولت کاروں اور معاونین کے خلاف ہر ممکن اقدام کا حق محفوظ رکھتا ہے۔