کراچی: دورانِ واردات ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک
کراچی کے علاقے سپر ہائی وے جنجال گوٹھ میں ڈکیتی کے دوران ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔ پولیس کے مطابق شہریوں کے گھیراؤ پر ملزمان گھبرا گئے، جس کے بعد فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔
پولیس کے مطابق سپر ہائی وے کے علاقے جنجال گوٹھ میں ملزمان شہریوں سے لوٹ مار میں مصروف تھے کہ اسی دوران موجود شہریوں نے ڈاکوؤں کا گھیراؤ کر لیا۔ شہریوں کی جانب سے مزاحمت پر ملزمان گھبرا گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گھبراہٹ کے عالم میں ایک ملزم نے فائرنگ کر دی، جس کی زد میں آ کر اس کا اپنا ساتھی شدید زخمی ہو گیا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت 23 سالہ عبداللہ ولد عظیم کے نام سے ہوئی ہے۔
واقعے کے بعد فائرنگ کرنے والے ڈاکو کو شہریوں نے قابو کر کے تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا جبکہ گرفتار ملزم سے تفتیش جاری ہے۔