شائع 20 دسمبر 2025 11:08am

پتوکی: 2 افراد کا قتل، ملزمان کو دو، دو بار سزائے موت

پتوکی میں دہرے قتل کے ایک اہم مقدمے کا فیصلہ سنا دیا گیا، جس میں عدالت نے دو ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر دو، دو بار سزائے موت اور جرمانے کی سزا سنا دی۔

پتوکی کی عدالت میں دہرے قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملک نعیم شوکت نے مقدمے کی سماعت مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے ملزمان فیصل اور پطرس مسیح کو دو، دو بار سزائے موت سنائی۔

عدالتی فیصلے کے مطابق ملزمان نے سرائے مغل کے رہائشی کشمیر مسیح اور راشد مسیح کو قتل کیا تھا۔ عدالت نے دونوں ملزمان پر پانچ، پانچ لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اگر ملزمان جرمانے کی رقم ادا کرنے میں ناکام رہے تو انہیں چھ، چھ ماہ مزید قید بھگتنا ہوگی۔

واضح رہے کہ دہرے قتل کا یہ واقعہ سال 2024 میں تھانہ صدر پتوکی کی حدود میں پیش آیا تھا، جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کو گرفتار کیا اور کیس عدالت میں زیر سماعت تھا۔

Read Comments