شائع 20 دسمبر 2025 07:31pm

ایبٹ آباد: کاغان کالونی میں گھر سے تین کمسن بچوں کی لاشیں برآمد

ایبٹ آباد میں گھر سے تین کمسن بچوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جبکہ والدین کو بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق بچوں کو کوئی زہریلی چیز کھلا کر قتل کیا گیا ہے جبکہ ان کی والدہ کے سر اور گردن پر زخموں کے نشانات پائے گئے ہیں۔

ایبٹ آباد کے علاقے کاغان کالونی میرپور تھانہ کی حدود میں 33 سالہ کاشف نامی شخص کے گھر سے تین معصوم بچوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ بچوں کی عمریں ایک، چار اور سات سال ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق کاشف کی اہلیہ کی گردن اور سر پر زخموں کے نشانات موجود ہیں، جبکہ کاشف کو بھی گھر سے بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا ہے۔ کاشف کے ایک رشتے دار کے مطابق میاں بیوی کا آپس میں اکثر جھگڑا رہتا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس پہلو کی تحقیقات کی جارہی ہیں کہ یہ قتل کا واقعہ ہے یا کاشف نے بچوں اور بیوی کو قتل کرکے خود کشی کی کوشش کی۔
پولیس کے مطابق واقعے سے قبل کاشف نے اپنے موبائل پر اسٹیٹس لگائے تھے جس میں بچوں کوئی قصور نہ ہونے کا تذکرہ کیا گیا تھا اور موبائل میں موجود ویڈیوز دیکھنے کا کہا گیا تھا۔ پولیس واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے۔

پولیس نے بچوں کی لاشوں اور میاں بیوی کو تشویش ناک حالت میں ایوب میڈیکل کمپلیکس اسپتال منتقل کر دیا ہے۔

Read Comments