شائع 22 دسمبر 2025 03:43pm

وزیراعظم کا انڈر 19 ایشیا کپ فاتح ٹیم کے لیے ایک ایک کروڑ روپے کا اعلان

انڈر 19 ایشیا کپ ٹورنامنٹ جیتنے پر وزیراعظم شہباز شریف نے قومی کھلاڑیوں کے لیے بڑا اعلان کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے آج انڈر 19 ایشیا کپ کی فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں وزیر اعظم ہاؤس میں ظہرانہ دیا۔

اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے بھارت کے خلاف شاندار کامیابی پر ٹیم اورمینجمنٹ کو مبارکباد پیش کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ انڈر 19 ٹیم نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔ اتنے بڑے مارجن سے کامیابی بلاشبہ محنت اور لگن کا نتیجہ ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے فائنل میچ کے ہیرو سمیر منہاس کی کارکردگی کو خوب سراہا۔

اس سے قبل اسلام آباد میں ہونے والی پریس کانفرنس میں قومی انڈر 19 ٹیم کے مینٹور سرفراز نے کہا تھا کہ وزیراعظم نے قومی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کے لیے ایک ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ لڑکوں نے بھارت کو شکست دے کر قوم کی عزت میں اضافہ کیا۔

سرفراز احمد کا مزید کہنا تھا کہ فائنل میں سمیر منہاس نے شاندار اننگز کھیلی جبکہ ان کے ساتھ دیگر کھلاڑیوں نے بھی عمدہ کارکردگی دکھائی۔

Read Comments