شائع 22 دسمبر 2025 06:26pm

بی بی ایل: شاداب خان کی شاندار بولنگ، سڈنی تھنڈر کو پہلی کامیابی مل گئی

آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں سڈنی تھنڈر کی نمائندگی کرنے والے پاکستانی لیگ اسپنر شاداب خان نے شانداربولنگ کرتے ہوئے برسیین ہیٹ کے خلاف 4 اوورز میں 24 رنز کے عوض 4 قیمتی وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردارادا کیا۔

کرکٹ کی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق پاکستانی لیگ اسپنر شاداب خان کی شاندار بولنگ اور سام کونسٹاس و میتھیو گلکس کی نصف سنچریوں کی بدولت سڈنی تھنڈر نے بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں سیزن کی پہلی فتح حاصل کرلی، جہاں برسبین ہیٹ 194 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ناکام رہی۔

منوکا اوول میں کھیلے گئے میچ میں سڈنی تھنڈر نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے۔ اوپنرز سام کونسٹاس اور میتھیو گلکس کے درمیان 127 رنز کی شراکت نے ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔ سام کونسٹاس نے 45 گیندوں پر 63 رنز بنائے جبکہ میتھیو گلکس 48 گیندوں پر 76 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

برسبین ہیٹ کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 35 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی، تاہم ٹیم ہدف کے دفاع میں کامیاب نہ ہوسکی۔

194 رنز کے تعاقب میں برسبین ہیٹ کی بیٹنگ شاداب خان کے سامنے بکھر گئی۔ شاداب خان نے شاندار لیگ اسپن بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 24 رنز دے کر 4 اہم وکٹیں حاصل کیں جب کہ میٹ رینشا نے 43 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، مگر وہ بھی شاداب خان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

اوپنر جیک وائلڈرمتھ، جو گزشتہ میچ میں سنچری بنا چکے تھے، اس میچ میں 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کولن منرو اور دیگر بلے باز بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے، جس کے باعث برسبین ہیٹ کی ٹیم ہدف سے بہت پیچھے رہ گئی۔

اس کامیابی کے ساتھ سڈنی تھنڈر نے مسلسل دو شکستوں کے بعد ٹورنامنٹ میں پہلی فتح حاصل کی جب کہ دونوں ٹیموں کا موجودہ ریکارڈ ایک فتح اور 2 شکستوں پر مشتمل ہے۔

Read Comments