شائع 22 دسمبر 2025 10:14pm

سابق انگلش کرکٹر نے خود سے 18 سال کم عمر کی لڑکی سے شادی کرلی

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اینڈریو اسٹراؤس نے اپنی پہلی اہلیہ کے انتقال کے تقریباً 7 سال بعد دوسری شادی کرلی، اینڈریو اسٹراؤس جنوبی افریقا میں ایک نجی تقریب میں انتونیا لینئیس پیٹ سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔

برطانوی خبر رساں ادارے ڈیلی میل کے مطابق 48 سالہ اینڈریو اسٹراؤس نے 17 دسمبر کو جنوبی افریقا کے خوبصورت قبضے فرانس خوک میں واقع لا کلے وائن یارڈ میں شادی کی تقریب منعقد کی، یہ علاقہ کیپ ٹاؤن سے تقریباً 50 میل کے فاصلے پر واقع ہے۔ تقریب میں قریبی اہلِ خانہ شریک ہوئے، جہاں خوشگوار ماحول میں دلہا دلہن نے ایک دوسرے کا ساتھ نبھانے کا عہد کیا۔

تصاویر میں اینڈریو اسٹراؤس اور ان کی اہلیہ انتونیا لینئیس پیٹ خوش اور مطمئن دکھائی دیے جب کہ ایک تصویر میں اینڈریو اسٹراؤس کے بیٹے سیموئل اور لوکا بھی موجود تھے، جنہوں نے 2018 میں اپنی والدہ کو کھو دیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق اینڈریو اسٹراؤس اور انتونیا لینئیس پیٹ گزشتہ دو برس سے ایک دوسرے کے ساتھ تعلق میں تھے اور مختلف مواقع پر دونوں کو ایک ساتھ دیکھا گیا، جس کے بعد ان کے تعلقات کی خبریں سامنے آئیں۔ بعد ازاں دونوں نے اس سال ومبلڈن میں رائل باکس میں بھی ایک ساتھ شرکت کی، جہاں کئی معروف اسپورٹس شخصیات موجود تھیں۔

اینڈریو اسٹراؤس کی پہلی اہلیہ رتھ مکڈونلڈ 29 دسمبر 2018 کو پھیپھڑوں کے ایک نایاب کینسر کے باعث 46 برس کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔ وہ تشخیص کے صرف ایک سال بعد دنیا سے رخصت ہوئیں۔ اسٹراؤس اور رتھ کی شادی کو 15 سال ہو چکے تھے اور ان کے 2 بیٹے ہیں، جو اس وقت 19 اور 17 سال کے ہیں۔

اہلیہ کی وفات کے بعد اینڈریو اسٹراؤس نے 2019 میں رتھ اسٹراؤس فاؤنڈیشن قائم کی، جو کینسر سے متاثرہ خاندانوں کی معاونت اور غیر تمباکو نوشی کرنے والوں میں پھیپھڑوں کے کینسر پر تحقیق کے لیے فنڈ فراہم کرتی ہے۔ فاؤنڈیشن کی سالانہ ’ریڈ فار رتھ‘ مہم اب کرکٹ کیلنڈر کا مستقل حصہ بن چکی ہے۔

سابق انگلش کرکٹر کی نئی اہلیہ انتونیا لینئیس پیٹ ماضی میں پی آر ایگزیکٹو کے طور پر کام کر چکی ہیں اور اس وقت لینئیس فائن آرٹ ایڈوائزری لمیٹڈ کی ڈائریکٹر ہیں۔ ان کی پرورش ہانگ کانگ میں ہوئی جب کہ انہوں نے برطانیہ کے معروف نجی ادارے سینٹ میری کیلن اسکول سے تعلیم حاصل کی۔

اسٹراؤس نے نومبر میں اسکائی اسپورٹس کرکٹ پوڈ کاسٹ پر بتایا تھا کہ شادی کی تقریب کو نجی رکھا گیا اور صرف خاندان کے افراد کو مدعو کیا گیا۔ اسی وجہ سے وہ آسٹریلیا میں جاری ایشز سیریز کے دوران انگلینڈ ٹیم کے ساتھ موجود نہیں تھے۔

دوسری جانب، آسٹریلیا میں انگلینڈ کی ایشز کارکردگی شدید تنقید کی زد میں ہے۔ اینڈریو اسٹراؤس جو 2010-11 میں بیرونِ ملک ایشز جیتنے والے آخری انگلش کپتان تھے، ان کا کہنا ہے کہ صرف کوچ یا کپتان کو تبدیل کرنا مسئلے کا حل نہیں۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں زور دیا کہ انگلینڈ کو طویل المدتی اصلاحات کی ضرورت ہے کیوں کہ 1986 کے بعد سے آسٹریلیا میں مسلسل ناکامی ایک مضبوط آسٹریلوی نظام کی عکاس ہے۔

واضح رہے کہ اینڈریو اسٹراؤس ریٹائرمنٹ کے بعد انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ میں ڈائریکٹر آف کرکٹ اور بعد ازاں اسٹریٹجک ایڈوائزر بھی رہے تاہم ان کی اصلاحاتی تجاویز مسترد ہونے کے بعد انہوں نے مئی 2023 میں بورڈ سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔

Read Comments