اپ ڈیٹ 23 دسمبر 2025 01:02pm

پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے تیار ہیں، بلیک میلنگ قبول نہیں: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے ہمیشہ تیار ہیں اور جائز معاملات پر بات آگے بڑھ سکتی ہے، تاہم مذاکرات کی آڑ میں بلیک میلنگ کسی صورت قبول نہیں۔

منگل کو وزیراعظم کی کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ملکی اہم سیاسی اور اقتصادی امور پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کو پہلے بھی مذاکرات کی دعوت دی گئی تھی اور اب بھی تیار ہیں تاکہ ملکی خوشحالی کے لیے سیاسی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی قائم کی جا سکے۔

وزیراعظم نے کابینہ اجلاس میں پی آئی اے کی نجکاری پر بھی بات کی اور کہا کہ یہ ملکی تاریخ کی سب سے بڑی نجکاری ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ ارکان نے نجکاری کے عمل پر بہت محنت کی ہے اور بولی کا عمل شفاف بنانے کی ضرورت تھی تاکہ یہ کامیاب ہو۔

اجلاس میں وزیراعظم نے فیلڈمارشل کو سعودی عرب میں دیے گئے کنگ عبدالعزیز ایوارڈ کو بھی سراہا اور کہا کہ یہ صرف فیلڈ مارشل کا ایوارڈ نہیں بلکہ پوری قوم کے لیے اعزاز ہے۔

شہباز شریف نے اجلاس میں پی ٹی آئی کی طرف سے مذاکرات کی بات کرنے پر کہا کہ انہیں اسمبلی میں بھی مذاکرات کی دعوت دی گئی ہے اور وہ ملکی خوشحالی کے لیے ہر سیاسی جماعت کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں، لیکن کسی بھی قسم کی بلیک میلنگ کو قبول نہیں کیا جائے گا۔

Read Comments