شائع 23 دسمبر 2025 01:56pm

نِکلوڈین کے سابق چائلڈ اسٹار سڑکوں پردربدر، مداح حیران

مشہور بچوں کے ٹی وی چینل نکلوڈین کے ایک سابق اداکار کی حالیہ ویڈیو نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی ہے۔

Ned’s Declassified School Survival Guide میں ایک یادگار کردار ادا کرنے والے ٹیلر چیز (Tylor Chase) کو کیلیفورنیا کی سڑکوں پر بے گھر حالت میں دیکھا گیا، جس کے بعد مداحوں اور شوبز انڈسٹری میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

ٹیلر چیز، جو کبھی 2000 کی دہائی میں بچوں کے دلوں پر راج کرتے تھے، اب 36 برس کی عمر میں ریورسائیڈ کے علاقے میں دکھائی دیے۔

ٹیلر چیز نے نکلوڈین کے عروج کے دور میں خاصی مقبولیت حاصل کی تھی۔ ان کا کردار مارٹن، جو اپنی بے ساختہ گفتگو اور منفرد عادات کے باعث یاد رکھا جاتا ہے، ناظرین میں بے حد مقبول تھا۔ یہ سیریز 2004 سے 2007 تک تین سیزنز پر مشتمل رہی اور اسکول کے بعد دیکھے جانے والے پروگرامز میں نمایاں مقام رکھتی تھی۔

حالیہ توجہ اس وقت بڑھی جب X (سابقہ ٹوئٹر) اور ٹک ٹاک پر ایسی ویڈیوز سامنے آئیں جن میں وہ پرانے کپڑوں میں ملبوس دکھائی دیتے ہیں اور ویڈیو بنانے والی خاتون سے گفتگو کرتے ہیں۔

ویڈیو میں جب ان سے پوچھا جاتا ہے کہ کیا وہ کبھی نکلوڈین پر کام کر چکے ہیں تو وہ تصدیق کرتے ہیں، جس پر سامنے والی خاتون فوراً انہیں پہچان لیتی ہے۔ یہی لمحہ سوشل میڈیا صارفین کے لیے جذباتی ثابت ہوا۔

واقعے کے بعد ان کے لیے ایک آن لائن چندہ مہم بھی شروع کی گئی، تاہم بعد میں ٹیلر کی والدہ کی درخواست پر اسے بند کر دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹے کو مالی مدد سے زیادہ طبی اور ذہنی معاونت کی ضرورت ہے، لیکن وہ علاج لینے پر آمادہ نہیں۔

ٹیلر کی حالت پر ان کے سابق ساتھی اداکارڈیوَن ورک ہائزر، لنڈزی شا اور ڈینیئل کرٹس لی نے بھی اپنے پوڈکاسٹ میں بات کی۔ انہوں نے دوست کے لیے فکرمندی ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ مسلسل اس کی مدد کی کوشش کر رہے ہیں۔

Read Comments