شائع 23 دسمبر 2025 02:50pm

’پیاری سمجھ گئی‘ آنٹی وائرل کیسے ہوئیں؟

آپ کوئی ذومعنی جملہ سنیں اور مسکرادیں تو ایسا ممکن نہیں کہ سامنے والا یہ کہے بنا رہ جائے ”پیاری سمجھ گئی!!!“۔ یہ میم آپ نے یقیناً دیکھی اور شیئر بھی کی ہوگی۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں یہ میم وائرل کیسے ہوئی، اس کے پیچھے کی کہانی کیا ہے اور یہ جملہ ادا کرنے والی خاتون کون ہیں؟

’پیاری سمجھ گئی آنٹی‘ کے ٹائٹل سے مشہور 75 سالہ خاتون کا اصل نام سُبھاش رانی آہوجا ہے اور ان کا تعلق دراصل بھارت سے ہے۔

بھارت کی ہی ایک یوٹیوبر نیشو تیواری ان کی کہانی سامنے لائی ہیں، جو جذباتی اور اداس کرنے والی تو ہے لیکن خاتون کے اپنا ماضی سنانے کے انداز نے سننے والوں کو رلانے کے بجائے ہنسا دیا۔

سبھاش سے جب سوال کیا گیا کہ بار بار ”پیاری“ بولنا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد شروع کیا ہے؟ تو سبھاش کا جواب تھا: ”پہلے سے ہی بولتی تھی“۔

ان کے وائرل جملے ”پیاری سمجھ گئی“ کے پیچھے کی کہانی بیان کرتے ہوئے سبھاش نے بتایا کہ ”میں پارک میں جھولے جھول رہی تھی، یہاں دو لڑکیاں آئیں بڑی پیاری پیاری، وائٹ ڈریس اور وائٹ شوز پہنی ہوئی تھیں“۔

انہوں نے مزید کہا کہ ”لڑکیاں آئیں اور کہا کہ ہم آپ سے بات کرنا چاہتے ہیں، میں نے کہا لے کر، ہم تو ڈھونڈتے رہتے ہیں ایسے بندے جو ہم سے آکر بات کریں“۔

سبھاش کے مطابق، لڑکیوں نے پوچھا ”آنٹی آپ یہاں کیا کرنے آتے ہیں؟“ میں کہا یہ کوئی پوچھنے کی بات ہے؟ ”موج مستی کرنے آتے ہیں، ایکسرسائز کرتے ہیں، بھجن گاتے ہیں، ہنستے ہیں، کھیلتے ہیں“

خاتون نے طنزیہ کہا کہ ”چھوٹی چھوٹی لڑکیاں مجھے چلانے لگیں، کہتی ہیں مت آیا کرو کورونا ہے۔ میں نے کہا ہو گیا تو اس کے علاج بھی تو ہوجاتے ہیں، اسپتال کس لیے ہیں؟“

انہوں نے مزید بتایا کہ ”جب وہ لڑکیاں مجھ پر نہ آنے کا پریشر ڈالنے لگیں تو اچانک میرے منہ سے نکلا، دیکھو صبح دو ڈھائی گھنٹے آجاتے ہیں پارک میں ، شام کو چلے جاتے ہیں سَت سنگ میں، مجھے نہیں لگتا کورونا میری نزدیک بھی آئے۔ وہ پیاریاں بولیں، کیونکہ آپ ست سنگ میں جاتے ہو؟ تو میں نے کہا، ہاں!!! ست سنگ میں جاتے ہیں۔۔۔ پیاری سمجھ گئی“۔

یہ بتاتے ہوئے انہوں نے اپنا مخصوص اور مشہور قہقہہ بھی چھوڑا۔

انہوں نے بتایا کہ میرے پاس کی پیڈ والا فون تھا، مجھے پتا ہی نہیں تھا کہ میں وائرل ہوگئی۔ میں اگلے دن گھر گئی تو امریکہ سے میرے بھائی کے لڑکے کا فون آگیا، ایک دن میں 12، 13 فون آگئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ”پارک نے میری زندگی بدل دی“۔

انہوں نے اپنی نجی زندگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ”میں 2011 میں ریٹائر ہوئی اور 2015 تک میں ڈپریشن میں رہی“۔

انہوں نے تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ”میرے دونوں بچے بیمار ہیں مانسِ روگی (نفسیاتی عارضے میں مبتلا) ہیں“۔

سبھاش نے سنجیدہ انداز میں مسکراتے ہوئے کہا کہ ”میں ان دونوں بچوں کو دیکھتی اور آدمی (شوہر) گالیاں دیتا، گندی گندی گالیاں دے کر کہتا یہ کیا پیدا کیا ہے، ہماری پیڑھی (نسل) خراب کردی“۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اسی وجہ سے گھر میں نہیں رہتی، جیسا کہ میں نے ویڈیو میں کہا تھا، ”صبح پارک، شام کو ست سنگ“۔ یہ کہتے ہوئے انہوں نے یوٹیوبر نیشو تیواری کو کہا، ”سمجھ گئی نا پیاری؟“

انہوں نے کہا کہ ”اب میں یہاں پیاری کے نام سے مشہور ہوں، لوگ مجھے پیاری کہہ کر بلاتے ہیں“۔

Read Comments