بدلتا عالمی نظام؛ فیلڈ مارشل عاصم منیر مؤثر ترین اسٹریٹجک رہنما قرار
فنانشل ٹائمز نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو بدلتے عالمی نظام میں سے مؤثر اسٹریٹجک رہنما قرار دیا ہے۔ برطانوی جریدے کے مطابق پاکستان کی کثیر الجہتی خارجہ پالیسی اور سفارتی حکمت عملی کی کامیابی میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کا نمایاں کردار ہے۔
برطانوی جریدے فنانشل ٹائمز کے مطابق عالمی سیاست میں تیز رفتار تبدیلیوں سے ’مِڈل پاورز‘ کے لیے ایک نیا مگر پیچیدہ دور شروع ہوچکا ہے، جہاں مؤثر اور کثیر الجہتی حکمتِ عملی کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔
فنانشل ٹائمز نے اس بدلتے عالمی نظام میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی حکمت عملی کو کامیاب ترین اور انہیں سب سے مؤثر اسٹریٹجک رہنما بن کر ابھرنے والی شخصیت قرار دیا ہے۔
آرٹیکل کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کو کثیر الجہتی خارجہ پالیسی کا ماہر اور مڈل پاورز کے درمیان سفارت کاری کی بہترین مثال قرار دیا جا سکتا ہے۔ جنہوں نے پاکستان کی سفارت کاری کو بدلتے عالمی ماحول میں مؤثر انداز میں آگے بڑھایا۔
فنانشل ٹائمز کے آرٹیکل میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کو درمیانی طاقتوں کو ساتھ لے کر چلنے کی صلاحیت کی وجہ سے کامیاب ترین ’Multi Aligner‘ کا لقب دیا گیا ہے۔
مزید کہا گیا کہ پاکستان نے بیک وقت امریکا، چین، سعودی عرب اور ایران کے ساتھ روابط کو فعال رکھا، جس سے پاکستان کے لیے نئے سفارتی مواقع پیدا ہوئے۔
برطانوی جریدے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غیر رسمی انداز کے ساتھ ہم آہنگی کا اعزاز بھی عاصم منیر کو جاتا ہے۔ ان کی خوش گفتاری اور یہی نرم سفارتی سطح پر مؤثر ثابت ہوا۔
فنانشل ٹائمز کا کہنا ہے کہ پاکستان کی اس سفارتی پیش رفت کے برعکس بھارت کو مڈل پاور سے متعلق کامیاب حکمتِ عملی بنانے میں مشکلات کا سامنا رہا۔
رپورٹ کے مطابق بھارت بدلتے عالمی حالات اور ٹرمپ کے انداز سے ہم آہنگ نہ ہو سکا، جس کے باعث اس کے لیے درمیانی طاقت کا کردار توقع سے زیادہ مشکل ثابت ہوا۔