معروف ویڈیو گیم ’کال آف ڈیوٹی‘ کے خالق ونس زیمپیلا کار حادثے میں ہلاک
مشہور ویڈیو گیم سیریز کال آف ڈیوٹی’’ کے شریک خالق ونس زیمپیلا امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا میں ایک کار حادثے میں جان گنوا بیٹھے۔
پچپن سالہ ونس زیمپیلا کی موت کی تصدیق الیکٹرانک آرٹس نے کی، جو ان کے قائم کردہ گیم اسٹوڈیو ’ری سپان انٹرٹینمنٹ‘ کی مالک کمپنی ہے۔
امریکی حکام کے مطابق حادثہ پیر کو لاس اینجلس کی ایک شاہراہ پر پیش آیا، جہاں ونس زیمپیلا ایک فیراری گاڑی میں ایک اور شخص کے ہمراہ سفر کر رہے تھے۔
گاڑی نامعلوم وجوہات کی بنا پر سڑک سے بے قابو ہو کر کنکریٹ کی رکاوٹ سے ٹکرا گئی اور آگ کی لپیٹ میں آ گئی۔
کیلیفورنیا ہائی وے پٹرول کے مطابق حادثے کے وقت گاڑی میں موجود ایک شخص باہر جا گرا جبکہ ڈرائیونگ سیٹ پر موجود شخص گاڑی میں پھنس گیا۔ حادثے میں گاڑی میں موجود دونوں افراد جانبر نہ ہو سکے۔
تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ گاڑی کون چلا رہا تھا اور ونس زیمپیلا کے ساتھ موجود دوسرا شخص کون تھا۔
الیکٹرانک آرٹس کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے اور کمپنی کی ہمدردیاں ونس زیمپیلا کے اہلِ خانہ، دوستوں اور ان تمام لوگوں کے ساتھ ہیں جو ان کے کام سے متاثر ہوئے۔
ونس زیمپیلا نے 2003 میں اپنے دیرینہ ساتھیوں جیسن ویسٹ اور گرانٹ کولئیر کے ساتھ مل کر کال آف ڈیوٹی گیم سیریز تخلیق کی تھی، جو جزوی طور پر دوسری عالمی جنگ کے واقعات سے متاثر تھی۔
اس گیم کی دنیا بھر میں 500 ملین سے زائد کاپیاں فروخت ہو چکی ہے، جس کے باعث مائیکروسافٹ کی ملکیت ’ایکٹیویژن‘ گیمنگ انڈسٹری کی سب سے منافع بخش کمپنیوں میں شامل ہو گئی۔ اس گیم پر ایک لائیو ایکشن فلم بھی تیاری کے مراحل میں ہے۔
کال آف ڈیوٹی کے علاوہ ونس زیمپیلا نے ’میڈل آف آنر‘، ’ٹائٹن فال‘ اور ’ایپکس لیجنڈز‘’ جیسے مقبول گیمز کی تخلیق میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
گیم ایوارڈز کے میزبان اور صحافی جیوف کیگلی نے سوشل میڈیا پر انہیں ایک قریبی دوست اور بصیرت افروز رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ دیانت داری اور شفافیت کے اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ونس زیمپیلا نے اپنے دور کے چند سب سے اثرانداز گیمز بنائے، مگر انہیں لگتا تھا کہ ان کا سب سے بہترین گیم ابھی آنا باقی تھا، جو اب کبھی سامنے نہیں آ سکے گا۔
دی گارڈین کی ویڈیو گیمز ایڈیٹر کیزاک میکڈونلڈ نے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ونس زیمپیلا کھلاڑیوں کے تجربے کو بہت اہمیت دیتے تھے اور وہ اس بات کی پرواہ کرتے تھے کہ لوگ ان کے بنائے ہوئے گیمز کھیلتے ہوئے کیا محسوس کرتے ہیں۔
2010 میں ونس زیمپیلا اور جیسن ویسٹ کو ایکٹیویژن سے برطرف کر دیا گیا تھا، جس کے بعد دونوں کے درمیان کمپنی کے ساتھ ایک طویل قانونی تنازع چلا، جو 2012 میں عدالت سے باہر طے پایا۔ بعد ازاں ونس زیمپیلا نے الیکٹرانک آرٹس میں شمولیت اختیار کی، جہاں وہ ’بیٹل فیلڈ 6‘ پر کام کر رہے تھے، جسے کال آف ڈیوٹی کا براہِ راست حریف سمجھا جاتا ہے۔
’کال آف ڈیوٹی‘ بنانے والی امریکی کمپنی انفینٹی وارڈ نے بھی ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ونس زیمپیلا کا نام کمپنی کی تاریخ میں ہمیشہ ایک خاص مقام رکھے گا اور ان کی تخلیقی وراثت ناقابلِ فراموش ہے۔