پاکستان میں سونے کی قیمت میں اچانک ہزاروں روپے کا بڑا اضافہ
پاکستان میں سونے کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور آج بھی سونے کی قیمت میں ہزاروں روپے کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سونے کی عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں اچانک بڑا اضافہ ریکارڈ ہوا، جس کے نتیجے میں نرخ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق آج سونے کی فی تولہ قیمت میں 8500 روپے کا بڑا اضافہ ہونے سے قیمت 4 لاکھ 70 ہزار 862 روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔
اس طرح 10 گرام سونا ملکی تاریخ میں پہلی بار 4 لاکھ سے تجاوز کر گیا، 10 گرام سونے کی قیمت میں 7288 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 3 ہزار 688 روپے ہو گئی ہے۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں سونا 85 ڈالر کے اضافے کے بعد 4485 ڈالر فی اونس کی سطح پر آگیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سونے کے نرخ میں 6200 روپے کا اضافہ ہوا تھا، 2 دن میں سونے کے فی تولہ نرخ میں 14700 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
سونے کی قیمتوں میں اضافے کے برعکس ملک میں فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 7205 روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 6177 روپے کی بلند ترین سطح پر مستحکم رہی ہے۔