اپ ڈیٹ 24 دسمبر 2025 11:40am

مسجد نبویﷺ کے مؤذن شیخ فیصل نعمان انتقال کر گئے

مسجد نبویﷺ میں پچیس برس تک روح پرور آواز میں اذان دینے والے معروف مؤذن شیخ فیصل نعمان انتقال کر گئے۔ مسجد انتظامیہ کے مطابق مرحوم کو نمازِ فجر کے بعد مدینہ منورہ کے تاریخی قبرستان جنت البقیع میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

شیخ فیصل نعمان کو سن 2001 میں مسجد نبویﷺ کا مؤذن مقرر کیا گیا تھا اور وہ دہائیوں تک اس مقدس فریضے کو نہایت عقیدت اور حسنِ ادائیگی کے ساتھ انجام دیتے رہے۔ مسجد انتظامیہ کی جانب سے مرحوم کی آخری اذان کی ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے، جس نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو رنجیدہ کر دیا۔

شیخ فیصل نعمان کے خاندان میں اذان دینا وراثت کے طور پر نسلوں سے خاندان کی روایت رہا ہے۔ ان کے والد اور دادا دونوں مسجد نبویﷺ میں مؤذن کے فرائض انجام دیتے رہے۔ مرحوم کے والد کو صرف 14 برس کی عمر میں مؤذن مقرر کیا گیا تھا اور انہوں نے طویل عرصے تک یہ خدمت سرانجام دی، یہاں تک کہ 90 برس سے زائد عمر میں ان کا انتقال ہوا۔ والد کے انتقال کے بعد شیخ فیصل نعمان اس منصب پر فائز ہوئے اور مسلسل پچیس برس تک مسجد نبویﷺ میں اذان دیتے رہے۔

مسجدِ حرام اور مسجد نبویﷺ کے امورِ دینیہ کے صدر شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے مرحوم کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے تعزیتی بیان جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ فیصل نعمان کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔

شیخ السدیس نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی رحمتِ واسعہ میں جگہ دے، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا کرے۔

جنت البقیع اسلام کے قدیم اور مقدس ترین قبرستانوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں ہزاروں جلیل القدر صحابہ کرامؓ، اہلِ بیتؓ اور امہات المؤمنینؓ مدفون ہیں۔

شیخ فیصل نعمان کی وفات سے عالمِ اسلام بالخصوص مدینہ منورہ میں سوگ کی فضا قائم ہے، جبکہ ان کی دل میں اتر جانے والی اذان ہمیشہ عقیدت مندوں کی یادوں میں زندہ رہے گی۔

Read Comments