شائع 24 دسمبر 2025 09:20pm

عمران خان کے سیاسی ڈی این اے میں مذاکرات کی گنجائش نہیں: خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ مذاکرات کچھ لو اور کچھ دو کی بنیاد پر کیے جاتے ہیں، بانی پی ٹی آئی عمران خان کے سیاسی ڈی این اے میں مذاکرات کی گنجائش نہیں، وہ اصول پرست نہیں، 200 فیصد مفاد پرست شخص ہیں، وہ اب بھی سیاسی برادری سے مذاکرات پر تیار نہیں لیکن اسٹیبلیشمنٹ سے رشتہ جوڑنے کے لیے تیار ہیں۔

بدھ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعظم پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت دے رہے ہیں، دعا ہے مثبت اور نتیجہ خیزمذاکرات ہوسکیں، پی ٹی آئی لیڈر کے سیاسی ڈی این اے میں مذاکرات کی گنجائش نہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان نے ساری زندگی ذاتی مفاد پر اول و آخر فوکس کیا، مذاکرات کچھ لو اور کچھ دوکی بنیاد پر کیے جاتے ہیں ، بانی پی ٹی آئی کوئی اصول پرست شخص نہیں، وہ 200 فیصد مفاد پرست شخص ہے، اول اورآخر اپنے ذاتی مفاد کا سوچتا ہے، وہ ذاتی منفعت کے لیے اصول و انسانی رشتے سب روند سکتا ہے۔

ایک اور ٹویٹ میں وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے آغاز نواز شریف سے کیا، اپنی ذات کے لیے اور شوکت خانم اسپتال کے لیے پلاٹ لیے، افتتاح کروائے، نواز شریف نے جیب سے کئی کروڑ روپے دیے۔

انہوں نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف کے ریفرنڈم کا سب سے بڑا سپورٹر بانی پی ٹی آئی عمران خان تھا، وہ مشرف سے قومی اسمبلی کی 100 سیٹیں مانگتا رہا۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ عمران خان اب بھی سیاسی برادری سے مذاکرات پر تیار نہیں لیکن اسٹیبلیشمنٹ سے رشتہ جوڑنے کے لیے آج بھی تیار ہیں، ایک طرف سوشل میڈیا پر گالیاں دوسری طرف منت ترلا کررہے ہیں، عمران خان نے زندگی میں اتنے بھیس بدلے کہ آج کوئی پہچان باقی نہیں رہی۔

ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان کی زندگی کا ٹریڈ مارک اقتدار اور دولت کا لالچ ہے، ابن الوقتی ان کی زندگی کا نصب العین ہے۔

Read Comments