شائع 25 دسمبر 2025 08:30am

مسلح افواج کا قائداعظم کو خراجِ عقیدت، مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد

قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ پیدائش پر مسلح افواج نے بابائے قوم کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے پاکستان کی خودمختاری، سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے عزم کو ایک بار پھر دہرایا۔ اس موقع پر مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد بھی دی گئی اور قومی ترقی میں اُن کی خدمات کو سراہا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج، پاک بحریہ اور پاک فضائیہ نے قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ پیدائش پر خصوصی پیغام جاری کیا۔ مسلح افواج نے کہا کہ بانیٔ پاکستان کی قیادت، آئینی سوچ اور رہنمائی آج بھی قومی یکجہتی اور استحکام کا بنیادی سرچشمہ ہے۔

بیان کے مطابق فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، ایڈمرل نوید اشرف، چیف آف دی نیول اسٹاف، اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے مسلح افواج کی جانب سے بابائے قوم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

۔

مسلح افواج نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قائداعظم کے اصول — ایمان، اتحاد اور نظم — کی روشنی میں قومی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ذمہ داریاں پوری کی جاتی رہیں گی۔ بیان میں کہا گیا کہ قوم کے امن، استحکام اور ترقی کے لیے مسلح افواج اپنا بھرپور کردار جاری رکھیں گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر مسلح افواج نے ملک کی مسیحی برادری کو کرسمس کی دلی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ قومی ترقی اور مختلف شعبوں میں اُن کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔

Read Comments