شائع 25 دسمبر 2025 09:07am

ٹرمپ اور میلانیا کی بچوں سے کرسمس پر گفتگو، ’کسی برے سانتا کو امریکہ میں داخل نہیں ہونے دیں گے‘

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کرسمس کی روایت کے تحت بچوں سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ امریکہ میں کسی ”برے سانتا“ کو داخل نہیں ہونے دیں گے۔

یہ گفتگو فلوریڈا میں ان کی رہائش گاہ مار-اے- لاگو میں کرسمس ٹری کے پاس بیٹھ کر ہوئی، جہاں صدر اور خاتونِ اول نے نارتھ امریکن ایرو اسپیس ڈیفنس کمانڈ (نوراڈ) کے تحت بچوں کی کالز سنیں۔

نوراڈ ہر سال کرسمس کی شب سانتا کلاز کی دنیا بھر میں پرواز کو ٹریک کرتا ہے۔

اوکلاہوما سے تعلق رکھنے والے چار اور دس سال کے دو بچوں نے جب صدر سے پوچھا کہ سانتا کو کیوں ٹریک کیا جا رہا ہے تو ڈونلڈ ٹرمپ نے جواب دیا کہ اس کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ کوئی ”برا سانتا“ امریکہ میں داخل نہ ہو سکے۔

گفتگو کے دوران صدر ٹرمپ نے بار بار ملک کی صورت حال کو بہتر قرار دیا اور کہا کہ امریکہ ”اچھی حالت میں“ ہے اور اعداد و شمار مثبت ہیں۔

کنساس سے آٹھ سالہ بچی نے بتایا کہ وہ تحفے میں کوئلہ نہیں چاہتی، جس پر صدر ٹرمپ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ان کا مطلب ”صاف اور خوبصورت کوئلہ“ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئلہ صاف اور خوبصورت ہے اور اسے یاد رکھا جانا چاہیے، تاہم بچی نے واضح کیا کہ وہ کوئلے کے بجائے باربی ڈول، کپڑے اور مٹھائیاں چاہتی ہے۔

ایک اور کال میں نارتھ کیرولائنا کے آٹھ سالہ بچے نے پوچھا کہ اگر کوئی سانتا کے لیے بسکٹ نہ چھوڑے تو کیا وہ ناراض ہوگا۔

صدر ٹرمپ نے جواب دیا کہ شاید سانتا ناراض نہ ہو، لیکن وہ مایوس ضرور ہوگا۔ اس موقع پر انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ سانتا تھوڑا ”بھرا ہوا“ سا ہوتا ہے اور غالباً اسے بسکٹ پسند آئیں گے۔

صدر ٹرمپ کا موڈ مجموعی طور پر خوشگوار دکھائی دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ سارا دن بچوں کی کالز سن سکتے ہیں، مگر ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ انہیں یوکرین، روس اور چین جیسے اہم عالمی معاملات کی طرف بھی توجہ دینا ہوگی۔

ایک موقع پر انہوں نے مذاق میں یہ بھی کہا کہ خاتونِ اول فون پر بات کرتے ہوئے ان کی طرف بالکل توجہ نہیں دے رہیں اور پوری یکسوئی سے گفتگو کر رہی ہیں۔

پنسلوینیا کے پانچ سالہ بچے سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے اس ریاست سے محبت کا اظہار کیا اور کہا کہ گزشتہ انتخابات میں وہاں ریپبلکن پارٹی نے بڑی کامیابی حاصل کی۔

بعد ازاں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پیغام میں انہوں نے کرسمس کی مبارکباد دی، جس میں انہوں نے اپنے سیاسی مخالفین پر بھی تنقیدی جملہ شامل کیا۔

Read Comments