’یورپ میں پاکستانیوں کے لیے ملازمتوں کے دروازے کھل گئے‘
پاکستانی ورک فورس کے لیے یورپ کے دروازے کھل گئے ہیں۔ وزارت اوورسیز پاکستانیز کی کاوشوں کے نتیجے میں اٹلی نے اگلے تین سال کے لیے پاکستان کو 10,500 نوکریوں کا کوٹہ الاٹ کیا ہے۔ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کے مطابق یہ ایک اہم سنگ میل ہے اور جلد یورپ کے دیگر ممالک میں بھی پاکستانیوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھنے کی توقع ہے۔
وزارت اوورسیز پاکستانیز کی کوششوں اور پاکستانی حکومت کی مسلسل کوششوں کے بعد اٹلی نے پاکستان کے لیے ملازمتوں میں بڑا کوٹہ مختص کر دیا ہے۔ ترجمان وزارت کے مطابق اگلے تین سال کے دوران 3,500 پاکستانی ہر سال سیزنل اور نان سیزنل ملازمتوں کے لیے اٹلی جائیں گے۔
پاکستانیوں کے لیے الاٹ کیے گئے کوٹہ میں شپ بریکنگ، ہاسپیٹلیٹی، ہیلتھ کیئر اور زراعت کے شعبے شامل ہیں، جہاں پاکستانی مہارت کے حامل افراد اپنے کیریئر کے مواقع حاصل کر سکیں گے۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ طویل محنت کے بعد اٹلی میں پاکستانی ورک فورس کے لیے روزگار کے دروازے کھلنے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام نہ صرف پاکستانی مہاجرین کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کرے گا بلکہ ملکی معیشت کے لیے بھی مفید ثابت ہوگا۔
مزید برآں، وفاقی وزیر نے اشارہ دیا کہ جلد یورپ کے دیگر ممالک بھی پاکستانی ورک فورس کے لیے مواقع فراہم کریں گے، جس سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی محنت کش برادری کے لیے نئے دروازے کھلیں گے۔