بھارتی کھلاڑی ہاتھ نہیں ملانا چاہتے تو ہمیں بھی شوق نہیں: چیئرمین پی سی بی
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ جو بھی ہوگا وہ برابری کی سطح پر ہوگا، بھارتی کھلاڑی ہاتھ نہیں ملانا چاہتے تو ہمیں بھی شوق نہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے پاکستان سپر لیگ، ملتان سلطانز، یوتھ کرکٹ، فٹنس مسائل اور آئندہ سیریز سے متعلق متعدد اہم اعلانات کیے اور کہا کہ پی سی بی کی توجہ کرکٹ کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کی تلاش پر مرکوز ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ پاکستان سپر لیگ کی 2 نئی ٹیموں کے لیے بولی 8 جنوری کو ہوگی اور امید ہے کہ نئی ٹیمیں اچھی قیمت پر فروخت ہوں گی جس سے پاکستان کو فائدہ ہوگا۔
محسن نقوی نے کہا کہ اس سال ملتان سلطانز کو پی سی بی خود چلائے گا اور پیپرا رولز کے تحت فرنچائز کی ذمہ داری پی سی بی کے پاس ہوگی، جبکہ ملتان سلطانز کی مینجمنٹ کا اعلان ایک دو روز میں کردیا جائے گا۔
پاک بھارت ہینڈ شیک تنازع: پی سی بی حکام قوانین سے لاعلم؟ رمیز راجا اور نجم سیٹھی کے اہم انکشافات
چیئرمین پی سی بی نے اعلان کیا کہ سابق قومی کپتان وسیم اکرم کو پاکستان کرکٹ بورڈ کا برانڈ ایمبیسڈر مقرر کردیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواہش ہے کہ پی ایس ایل کا آغاز 23 مارچ سے کیا جائے۔
محسن نقوی نے کہا کہ شاہینز اور ایج گروپ کرکٹ کے کیمپس لگائے گئے ہیں اور انڈر 19 اور شاہینز ٹیموں کی کارکردگی میں بہتری آرہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کھلاڑیوں کے فٹنس مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں اور ڈاکٹر جاوید مغل 11 جنوری کو اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی کی توجہ یوتھ کرکٹ پر زیادہ ہے اور یہی سے مستقبل کے نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے، جبکہ لاہور اور فیصل آباد میں اسکول کرکٹ مکمل ہوچکی ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے نیوز چینلز سے دیگر کھیلوں کو بھی کوریج دینے کی بات کی اور کہا کہ اس حوالے سے منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علی ترین اگر چاہیں تو کسی کے ساتھ بھی پارٹنرشپ کرسکتے ہیں۔
محسن نقوی نے بتایا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل ہوگی، جبکہ ریڈ بال کوچ کے حوالے سے جلد فیصلہ کرلیا جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اگر بھارتی کھلاڑی ہاتھ نہیں ملانا چاہتے تو ہمیں بھی اس کا کوئی شوق نہیں ہے۔