صومالیہ کے وزیرِ خارجہ کا اسحاق ڈار کو فون، حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا
ڈپٹی وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار سے صومالیہ کے وزیرِ خارجہ عبدالسلام عبدی علی نے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ صومالیہ نے اسرائیل کی جانب سے صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کے فیصلے کی مخالفت پر پاکستان پاسکتان کا شکریہ ادا کیا۔
دفترِ خارجہ کے مطابق صومالیہ کے وزیرِ خارجہ عبدالسلام علی نے ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار سے فون پر گفتگو کے دوران خطے کی صورتحال اور سلامتی کونسل میں درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صومالی وزیرِ خارجہ نے سلامتی کونسل میں صومالیہ کے تحفظات پیش کرنے کے لیے پاکستان سے مدد کی درخواست کی۔
اسحاق ڈار نے گفتگو کے دوران صومالیہ کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور صومالیہ کی خودمختاری کو نقصان پہنچانے کے لیے کسی بھی اقدام کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ اور دیگر عالمی فورمز پر صومالیہ کے جائز مؤقف کی حمایت جاری رکھے گا۔
صومالی وزیرِ خارجہ نے پاکستان کی مسلسل حمایت پر اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان کا کردار صومالیہ کے لیے نہایت اہم ہے۔
اسحاق ڈار نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان سلامتی کونسل سمیت ہر متعلقہ فورم پر صومالیہ کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گا۔
اس سے قبل پاکستان 21 اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے اسرائیل کی جانب سے صومالی لینڈ کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کے اعلان کی مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی قرار دیا۔
اسلام آباد میں جاری کیے گئے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ریاست کے حصوں کو الگ ریاست کے طور پر تسلیم کرنا علاقائی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
اسلامی تعاون تنظیم کے ممبر ممالک کے مشترکہ بیان میں عالمی برادری سے اسرائیل کے اس اقدام کو مسترد کربے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔