کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش کب ہوگی؟ محکمہ موسمیات نے بتادیا
محکمہ موسمیات نے کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں 30 دسمبر کو شہر میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر نے پیش گوئی کی ہے کہ 30 دسمبر کو شہر میں مطلع ابرآلود رہے گا اور رات کو بونداباندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر میں بارش کے نتیجے میں کم سے کم پارہ 11 ڈگری تک گرسکتا ہے جب کہ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت مزید کم ہو کر 25 ڈگری ریکارڈ ہوسکتا ہے۔
کراچی کے موسم کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ 3 روز کے دوران شہر میں خشک موسم اور راتیں سرد رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 30 دسمبر کو دیہی سندھ کے علاقے دادو، جیکب آباد، کشمور، لاڑکانہ، حیدرآباد، بدین اور ٹھٹہ میں بھی ہلکی بارش کا امکان ہے۔
ملک بھر میں جاری سردی کی لہر برقرار
ملک بھر میں جاری سردی کی لہر برقرار ہے، آج بروز اتوار ملک میں کہیں برف باری یا بارش ریکارڈ نہیں ہوئی، آج ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت کے مطابق آج آزاد کشمیر کا علاقہ لہہ منفی 9 درجہ حرارت کے ساتھ ملک کا سرد ترین علاقہ رہا۔
گلگت بلتستان کا شہر اسکردو بھی منفی 6 درجہ حرارت کے ساتھ سرد ترین علاقوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر رہا جب کہ گوپس میں درجہ حرارت منفی 5، گلگت میں منفی 4، قلات، دیراور استور میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔
پیر کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جب کہ بالائی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود سے ابر آلود رہنے کا امکان ہے تاہم شمالی اور مغربی بلوچستان میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
اس کے علاوہ پنجاب اور بالائی سندھ کے میدانی اضلاع میں صبح اوررات کے اوقات درمیانی سے شدید دھند کی توقع ہے۔