انگلینڈ کو ایشیز کے دوران ایک اور دھچکا، اہم فاسٹ باؤلر سیریز سے باہر
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو ایشیز سیریز کے دوران ایک اور دھچکا لگا ہے کیونکہ فاسٹ بولر گس ایٹکنسن ہیم اسٹرنگ انجری کے باعث سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ انگلش کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ وہ پانچویں ٹیسٹ کے لیے ایٹکنسن کا متبادل نہیں طلب کریں گے۔
انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے مطابق گس ایٹکنسن ایم سی جی میں آسٹریلیا کے خلاف دوسری اننگز کے پانچویں اوور کے بعد گراؤنڈ سے باہر چلے گئے تھے۔
ابتدائی رپورٹس میں بتایا گیا کہ وہ بائیں ہیم اسٹرنگ انجری کا شکار ہوگئے، جس کے باعث وہ مزید میچز میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔
وہیں انگلش کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ پانچویں اور آخری ٹیسٹ کے لیے کسی نئے باؤلر کو بلانے کا ارادہ نہیں ہے۔
گس ایٹکنسن کے علاوہ فاسٹ بولرز مارک ووڈ اور جوفرا آرچر انجری کا شکار ہوکر پہلے ہی سیریز سے باہر ہو چکے ہیں، جس سے انگلینڈ کی بولنگ لائن اپ کافی متاثر ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ انگلینڈ نے ایم سی جی میں ایشیز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی۔ پانچ ٹیسٹ میچز کی سیریز میں آسٹریلیا کو 1-3 کی برتری حاصل ہے۔ ایشیز سیریز کا پانچواں ٹیسٹ میچ 4 جنوری سے سڈنی میں شروع ہوگا۔