شائع 29 دسمبر 2025 06:32pm

باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، بھارتی حمایت یافتہ 5 دہشت گرد ہلاک، میجر شہید

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں فتنہ الخوارج کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 5 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے میجرعدیل زمان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 29 دسمبر کو سیکورٹی فورسز نے باجوڑ کے علاقے خار میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کی موثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں 5 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والے 36 سالہ میجر عدیل زمان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے، وہ اگلے مورچوں سے اپنی ٹیم کی قیادت کر رہے تھے۔

ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، ہلاک خوارج سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں سمیت بے گناہ شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے، علاقے میں موجود کسی بھی ممکنہ ہندوستانی سپانسرڈ خارجی کو ختم کرنے کے لئے کلئیرنس آپریشن جاری ہے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان کے تحت منظور شدہ وژن ’’عزمِ استحکام‘‘  کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بلا تعطل انسدادِ دہشت گردی مہم پوری شدت کے ساتھ جاری رہے گی تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جاسکے۔

وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا خراج تحسین

وزیراعظم شہباز شریف نے باجوڑ میں خوارج خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور آپریشن کے دوران 5 خوارج کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پزیرائی کی۔

وزیراعظم نے آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے پر میجر عدیل زمان کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی بلندی درجات کی دعا اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ آپریشن عزم واستحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے، ملک کو ہر قسم کی دہشت گردی سے پاک کریں گے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی باجوڑ میں کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین اور جام شہادت نوش کرنے والے میجر عدیل زمان کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ شہید میجرعدیل زمان نے دلیری سے 5 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، میجر عدیل زمان نے جان دے کر دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا، شہید میجر عدیل نے اپنے خون سے شجاعت اور جرات کی تاریخ لکھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہید میجرعدیل جیسے بہادر سپوتوں پر قوم کو ناز ہے، قوم شہداء اور ان کے خاندانوں کے قرض کو کبھی نہیں اتار سکتی۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید میجرعدیل کے خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

Read Comments