بھارت: 800 ارب روپے کے دفاعی معاہدوں کی منظوری، میزائل، ڈرون اور ریڈار شامل
بھارت کی دفاعی حصول کونسل نے بری، بحری اور فضائی افواج کے لیے جدید اسلحہ اور نظام کی خریداری کے لیے تقریباً 79 ہزار کروڑ روپے کے بجٹ کی منظوری دے دی ہے، اس فیصلے کو ملکی دفاعی تیاریوں کے حوالے سے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
بھارتی خبررساں ادارے ٹائمز آف انڈیا کے مطابق دفاعی حصول کونسل نے پیر کو بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی سربراہی میں ہونے والے ایک اجلاس میں مسلح افواج کی آپریشنل صلاحیت مضبوط بنانے کے لیے مختلف منصوبوں کی ’’ایکسیپٹینس آف نیسیسٹی‘‘ کی منظوری دی۔
اجلاس میں بری فوج کے لیے لوئٹر منیشن سسٹم، کم بلندی پر کام کرنے والے ہلکے وزن کے ریڈار، پناکا ملٹی پل لانچ راکٹ سسٹم کے لیے طویل فاصلے تک مار کرنے والا گائیڈڈ راکٹ ایمونیشن اور انٹیگریٹڈ ڈرون ڈیٹیکشن اینڈ انٹرڈکشن سسٹم مارک ایچ کی منظوری دی۔
بھارتی بحریہ کے لیے بولارڈ پل ٹگز، ہائی فریکوئنسی سافٹ ویئر ڈیفائنڈ ریڈیو مین پیک سسٹمز اور ہائی آلٹی ٹیوڈ لانگ رینج بغیر پائلٹ فضائی نظام لیز پر لینے کی منظوری بھی دی۔
اسی طرح بھارتی فضائیہ کے لیے خود کار ٹیک آف اور لینڈنگ ریکارڈنگ سسٹم، آسٹرا مارک ٹو فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل، لائٹ کامبیٹ ایئرکرافٹ تیجس کے لیے فل مشن سمیولیٹر اور اسپائس 1000 طویل فاصلے تک ہدف کو نشانہ بنانے والے گائیڈنس کٹس کی منظوری بھی دی۔
بھارتی وزارت دفاع کے مطابق ان منصوبوں کا مقصد تینوں مسلح افواج کی جنگی تیاری اور آپریشنل صلاحیتوں کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
اجلاس کے بعد وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ یہ فیصلے حکومت کی دفاعی تیاریوں پر توجہ کا ثبوت ہیں، وزارت دفاع وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں بھارت کی دفاعی تیاری کو مضبوط بنانے کے لیے دن رات کام کر رہی ہے، آج لیے گئے فیصلے مسلح افواج کی عملی صلاحیتوں میں اضافہ کریں گے۔
واضح رہے کہ رواں برس مئی میں پاکستان کے ساتھ 4 روزہ جنگ میں ناکامی کے بعد بھارت کو عالمی سطح پر شدید رسوائی کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے بعد دبئی ایئر شو میں بھارتی جنگی جہاز تیجس کے گرنے کے واقعے نے بھارتی دفاعی نظام کی کمزوریوں کو مزید اجاگر کیا۔
ماہرین کے مطابق ان واقعات نے بھارت کے ناقابل تسخیر ہونے کے دعووں کو سخت ٹھیس پہنچائی اور سفارتی سطح پر بھی اسے نقصان پہنچایا۔ یہی وجہ ہے کہ بھارت اب اپنے دفاعی بجٹ اضافہ کرکے ان خامیوں کو چھپانے اور عالمی سطح پر اپنی ساکھ بحال کرنے کی کوشش کررہا ہے۔