جولائی تا نومبر ترقیاتی منصوبوں پر کتنے ارب خرچ ہوئے؟ تفصیلات آگئیں
رواں مالی سال کے 5 ماہ کے ترقیاتی اخراجات کی تفصیلات سامنے آگئیں، جولائی تا نومبر ترقیاتی منصوبوں پر 91 ارب 90 کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔
پی ایس ڈی پی دستاویز کے مطابق ان منصوبوں کے لیے 348 ارب 97 کروڑ روپے سے زیادہ فنڈز جاری کیے گئے، وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کے ترقیاتی منصوبوں پر 68 ارب 41 کروڑ روپے سے زیادہ خرچ کیے گئے۔
این ایچ اے، این ٹی ڈی سی، پیپکو کے ترقیاتی منصوبوں پر 23 ارب 49 کروڑ سے زیادہ خرچ ہوئے جب کہ ارکان پارلیمنٹ کی ترقیاتی اسکیموں کے لیے 43 ارب سے زیادہ جاری فنڈز میں سے اخراجات نہیں ہوئے۔
دستاویز کے مطابق صوبوں اور خصوصی علاقوں کے ترقیاتی منصوبوں پر 19 ارب روپے سے زیادہ خرچ ہوئے، وزارت آبی وسائل کے ترقیاتی منصوبوں پر 14 ارب 91 کروڑ روپے سے زیادہ خرچ ہوئے۔
اعلی تعلیمی کمیشن کے ترقیاتی منصوبوں پر 8 ارب روپے خرچ ہوئے جب کہ وفاقی وزارت تعلیم کے ترقیاتی منصوبوں پر 6 ارب روپے تک خرچ ہوئے۔
اس کے علاوہ وزارت منصوبہ بندی کے ترقیاتی منصوبوں پر 5 ارب 38 کروڑ روپے سے زیادہ خرچ ہوئے جب کہ ریلوے ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں پر 5 ارب 17 کروڑ روپے کے اخراجات ہوئے۔