اپ ڈیٹ 30 دسمبر 2025 10:31am

لال مرچ کے متبادل: کھانے کو تیکھا بنانے والے گھر میں موجود عام اجزا

تصور کریں کہ آپ کھانا بنارہی ہوں اور جب اس مں لال مرچ شامل کرنے کی باری آئے تواچانک آپ کو یاد آئے کہ لال مرچ ختم ہو چکی ہے تو لمحہ بھر کو سارا ذائقہ خطرے میں محسوس ہونے لگتا ہے۔ رنگ بھی مدھم، تیکھا پن بھی غائب اور کوئی متبادل بھی نظر نہیں آتا۔

بیشتر گھروں میں لال مرچ صرف ایک مصالحہ نہیں بلکہ روزمرہ پکوان کا لازمی حصہ بن چکی ہے۔ مگر حقیقت یہ ہے کہ اکثر گھریلو باورچی اپنے ہی کچن میں موجود خزانوں کو کم جانتے ہیں۔

تیکھا پن صرف منہ جلانے کا نام نہیں، یہ کبھی ہلکا، کبھی دھواں دار، کبھی گہرا اور کبھی آہستہ آہستہ اثر دکھانے والا ہوتا ہے۔ اصل کمال یہ نہیں کہ لال مرچ جیسا ذائقہ ڈھونڈا جائے، بلکہ یہ سمجھا جائے کہ کس کھانے کے لیے کس قسم کا تیکھا پن زیادہ موزوں ہے۔

ذیل میں لال مرچ پاؤڈر کے چھ آسان اور مؤثر متبادل پیش کیے جا رہے ہیں۔

کالی مرچ
کالی مرچ تیکھے پن کے بجائے آہستہ آہستہ اثر دکھانے والی تیزی فراہم کرتی ہے۔ یہ سوپ، چکن اور دال جیسے پکوانوں میں بہترین ثابت ہوتی ہے۔ بہتر نتائج کے لیے تازہ پسی ہوئی کالی مرچ استعمال کریں۔

پیپریکا
پیپریکا ہلکی سے درمیانی تیزی کے ساتھ خوبصورت رنگ بھی دیتی ہے۔ سالن، تکے اور میرینیڈز میں یہ بہترین متبادل ہے۔ اگر زیادہ تیکھا پن درکار ہو تو اس میں تھوڑی سی خشک ثابت لال مرچ شامل کی جا سکتی ہے۔

زیرہ
دال، چاول، سبزیوں اور گریوی والے کھانوں میں زیرہ لال مرچ کی کمی کو بخوبی پورا کر سکتا ہے، خاص طور پر جب اسے بھون کر استعمال کیا جائے۔

ثابت لال مرچ
یہ مرچ نہایت تیز ہوتی ہے اور بہت کم مقدار میں ہی استعمال کی جاتی ہے۔ زیادہ مصالحے والے کھانوں میں یہ مؤثر ہے، مگر اسے ہمیشہ احتیاط سے استعمال کرنا چاہیے۔

ہاٹ ساس
ہاٹ ساس تیکھے پن کے ساتھ کھٹے یا میٹھے ذائقے بھی شامل کرتی ہے۔ یہ گریوی، سوپ اور فیوژن کھانوں میں اچھی طرح کام کرتی ہے، بس پانی یا دیگر لیکویڈ کی مقدار کم رکھنی چاہیے۔

کُٹی ہوئی لال مرچ
یہ مرچیں ذائقے کے ساتھ رنگت بھی دیتی ہیں۔ اسٹر فرائز، تیل والے سالن اور میرینیڈز میں یہ بہترین انتخاب ہیں۔ ہلکا سا بھوننے سے ان کا ذائقہ مزید نکھر جاتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ہمیشہ ایک ہی چیز پر انحصار نہیں کرنا چاہیے۔ مثال کے طور پر پیپریکا، زیرہ اور کالی مرچ کا امتزاج ہلکا مگر بھرپور ذائقہ دیتا ہے، جبکہ ثابت لال مرچ اور کالی مرچ کا امتزاج زیادہ تیز کھانوں کے لیے موزوں ہے۔

لال مرچ کا ختم ہو جانا کوئی مسئلہ نہیں، بلکہ یہ باورچی کے لیے ایک نیا تجربہ اور ذائقوں کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع ہے۔ درست امتزاج سے آپ کا کھانا نہ صرف بچ سکتا ہے بلکہ پہلے سے زیادہ لذیذ بھی ہو سکتا ہے۔

Read Comments