ٹرمپ کو خطرناک بیماری اور بڑے ملکی سربراہ کی جلاوطنی: 2026 کے لیے شامنوں کی پیش گوئیاں
پیرو کے دارالحکومت لِما میں پیر کو ہونے والی سالانہ نیو ایئر تقریب میں شامنوں نے آئندہ سال کے حوالے سے اہم پیشگوئیاں کیں۔ ان میں امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صحت کے حوالے سے خطرہ اور وینزویلا کے صدر نیکولس میڈورو کی ممکنہ جلاوطنی بھی شامل ہے۔
تقریب میں شریک شامن ڈی ڈیوس گارسیا نے کہا، ’امریکہ کو تیار رہنا چاہیے، کیونکہ ڈونلڈ ٹرمپ شدید بیماری کا شکار ہوں گے۔‘
اس موقع پرشامنوں نے دنیا کے بڑے رہنماؤں کے پوسٹرز اٹھائے، جن پر تلواریں پار کیں، خوشبو جلائی اور بعض پوسٹرز پر پاؤں رکھ کر رسمیں انجام دیں۔
ان رہنماؤں میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن، چینی صدر شی جن پنگ، اور یوکرائن کے صدر وولودمیر زیلنسکی بھی شامل تھے۔
گارسیا نے مزید کہا، ’ہم دیکھتے ہیں کہ نیکولس میڈورو شکست کھائیں گے۔ وہ وینزویلا سے فرار ہو جائیں گے اور گرفتار نہیں ہوں گے۔‘
پیرو کے سیاسی منظرنامے کے حوالے سے شامنوں نے یہ پیشگوئی کی کہ سابق صدر البرٹو فوجیموری کی بیٹی کییکو فوجیموری تین ناکام کوششوں کے بعد 2026 کے صدارتی انتخابات میں کامیاب ہوں گی۔
عالمی سطح پر شمانز نے یوکرائن میں جاری روسی جنگ کے خاتمے کی بھی پیشگوئی کی۔
یہ رسم ہر سال دسمبر کے آخر میں منعقد کی جاتی ہے۔ شامنوں نے پہلے بھی 2023 میں یوکرائن جنگ کے خاتمے کی پیشگوئی کی تھی، جو بعد میں کسی حد تک درست ثابت ہوئی۔